میں نے خود کو اللہ کے حوالے کردیا ہے: فریال تالپور



اسلام آباد( 24نیوز ) اسلام آباد کی احتساب عدالت نے مبینہ جعلی اکاؤنٹس کیس میں گرفتار فریال تالپور کا 9 روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کرلیا۔

تفصیلات کے مطابق احتساب عدالت نے جعلی اکاؤنٹس کیس میں گرفتار سابق صدر آصف زرداری کی ہمشیرہ فریال تالپور کو 9 روز کے جسمانی ریمانڈ پر نیب کے حوالے کردیا،  نیب کی طرف سے گرفتار فریال تالپور کو احتساب عدالت میں پیش کیا گیا، عدالت نے فریال تالپور کا 9 دن کا  جسمانی ریمانڈ منظور کرتے ہوئے24 جون کو دوبارہ عدالت پیش کرنے کا حکم دیا۔

احتساب عدالت پہنچنے پر صحافی نے فریال تالپور سے سوال کیا کہ میڈم آپکی گرفتاری سیاسی ہے یا احتساب کی؟ جس پر فریال تالپور نے جواب دیا کہ آپ کو نہیں لگ رہا کہ یہ گرفتاری سیاسی ہے؟یہ انتقامی گرفتاریاں ہیں،میں نے خود کو اللہ کے حوالے کردیا ہے۔

واضح رہے کہ  نیب نے گزشتہ روز رکن سندھ اسمبلی فریال تالپور کو اسلام آباد میں زرداری ہاؤس کے قریب ان کی رہائش گاہ سے گرفتار کیا تھا۔