گرفتاریاں،پیپلز پارٹی کا شہر شہر احتجاج،ریلیاں

گرفتاریاں،پیپلز پارٹی کا شہر شہر احتجاج،ریلیاں


کراچی(24نیوز)سابق صدر آصف زرداری اور ان کی ہمشیرہ فریال تالپور کی گرفتاری کیخلاف شہر شہر احتجاج جاری ہے،خیرپور  میں سینکڑوں  جیالوں نے نواب وسان ہائوس سے ریلی نکالی ۔

ریلی شہر کے مختلف راستوں سے ہوتی ہوئی پریس کلب پہنچی، ریلی میں موجود جیالوں نے وزیراعظم عمران خان کے خلاف نعرے بازی  کی، جیالوں نے ہاتھوں میں پیپلزپارٹی کے پرچم اٹھا رکھے تھے، جیالوں کا کہنا تھا کہ بھٹو  فیملی کو  آج تک کوئی  جھکا سکا ہے اور نہ ہی کوئی  جھکاسکے گا ۔

جیالوں نے کہا کہ سندھ کے اندر نیب کو وفاقی حکومت استعمال کر رہی ہے اور پیپلزپارٹی کے قائدین اور وزرا کو بلا جواز گرفتار کیا جا رہا ہے، آصف زرداری مرد مجاہد ہیں اور ان کی ہمشیرہ دلیر ۔ وہ اب جیلوں سے نہیں ڈرتے ،عمران خان اپنی بہن کا احتساب کریں۔

 لاڑکانہ پریس کلب کے باہر پیپلز پارٹی کی جانب سے احتجاجی مظاہرہ اور دھرنا دیا گیا ،دھرنے میں بڑی تعداد میں کارکن شریک ہیں،کندھکوٹ میں بھی احتجاج کیا گیا، سٹی آفس سے لیکر گھنٹہ گھرچوک تک ریلی نکالی گئی،پی پی کارکنان کی جانب سے فریال تالپور کی گرفتاری کے خلاف عمر کوٹ پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔

ٹنڈوالہ یار ،خیرپور ناتھن شاہ میں بھی احتجاجی مظاہرے کیے گئے،ریلیاں نکالی گئیں،جیالوں نے حکومت ،وزیر اعظم کیخلاف نعرے بازی کی۔

اظہر تھراج

Senior Content Writer