نواز شریف کا متنازع بیان، اسٹاک ایکس چینج میں شدید مندی


اسلام آباد(24نیوز) نوازشریف کے متنازع بیان کے بعد پیداہونےوالی صورتحال کے بعد پاکستان اسٹاک ایکس چینج شدید مندی کا شکارہوگئی،سرمایہ کاروں کے 209 ارب روپے ڈوب گئے۔

سابق وزیر اعظم کے متنازعہ بیان نے ملکی سیاست میں تو ہلچل مچا دی ، لیکن اسٹاک مارکیٹ میں مندی بڑھا دی۔ مارکیٹ میں کاروبار کا آغاز ہی ہنڈرڈ انڈیکس میں دو سو سے زائد پوائنٹ کی کمی پر ہوا, ٹریڈنگ کے دوران مندی مسلسل بڑھتی ہی رہی۔ کاروبار کے اختتام پر ہنڈرڈ انڈیکس ایک ہزار پچانوے پوائنٹ کی کمی سے بیالیس ہزار چار سو اٹھانوے پر بند ہوا، جو گزشتہ اٹھاسی سیشن کی کم ترین سطح ہے.

تین سو پچاس کمپنیوں کے شیئرز کے کاروبار میں صرف چونتیس کی قیمت میں اضافہ ، تین سو پانچ کی قیمت کم ہوئی،مجموعی طور پر سترہ کروڑ اکسٹھ لاکھ شئیرز کا کاروبار ہوا، شئیرز کی مجموعی مالیت دو کھرب نو ارب اڑتالیس کروڑ روپے کی کمی سے ستاسی کھرب تریسٹھ ارب روپے رہ گئی۔

 

وقار نیازی

سٹاف ممبر، یونیورسٹی آف لاہور سے جرنلزم میں گریجوایٹ، صحافی اور لکھاری ہیں۔۔۔۔