ملک بھر میں کہیں بارش، کہیں برفباری سے موسم خوشگوار، خنکی بڑھ گئی

ملک بھر میں کہیں بارش، کہیں برفباری سے موسم خوشگوار، خنکی بڑھ گئی


(24 نیوز): ملک کے مختلف شہروں میں بارش سے موسم خوشگوار ہوگیا جبکہ پہاڑی علاقوں میں برفباری ہونے سے سردی بڑھ گئی، بارش سے سموگ اور دھند غائب ہوگئی، محکمہ موسمیات نے آج بھی کئی شہروں میں بارش کی پیش گوئی کر دی۔

 

پنجاب کے بیشتر علاقوں میں بادل برسے تو اسموگ بھی غائب ہوگئی، اسلام آباد کے مختلف علاقوں میں بارش اور ژالہ باری ہوئی ہے، جس کے باعث سردی کی شدت میں اضافہ ہو گیا، خان پور اور گرد و نواح میں بھی آسمان پر بادلوں کا راج ہے، شہر کا درجہ حرارت 19 ڈگری سینٹی گریڈ پر آگیا۔

پشاور سمیت خیبرپختونخوا کے مختلف علاقوں میں بھی وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری ہے، بارش ہونے سے نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہو گیا، شہری مشکلات سے دوچار ہیں۔

محکمہ موسمیات کے مطابق آج بھی ملک کے بیشتر علاقوں میں تیز ہواؤں کے ساتھ بارش کا امکان ہے، خیبرپختونخوا، فاٹا بارش کے ساتھ برفباری جبکہ اسلام آباد، بالائی پنجاب، کشمیر اور گلگت بلتستان میں بھی آج بارش ہو گی۔