نیب ریفرنسز میں مسلسل عدم پیشی پر حسن اور حسین نواز اشتہاری قرار


(24 نیوز): اسلام آباد کی احتساب عدالت نے نیب ریفرنسز کی سماعت میں  مسلسل عدم پیشی پر حسن اور حسین نواز کو اشتہاری قرار دے دیا ۔

تفصیلات کے مطابق احتساب عدالت نے نیب ریفرنسز کی سماعت کے دوران مسلسل طلبی اور ناقابل ضمانت وارنٹ جاری ہونے کے باوجود پیش نہ ہونے پر  پانامہ کیس میں نااہل قرار پانے والے سابق وزیراعظم نواز شریف کے دونوں صاحبزادوں حسن اور حسین نواز کو اشتہاری قرار دے دیا۔احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نے عدالتی عملے کو حکم دیا کہ حسن اور حسین نواز کو ہر عدالتی فیصلے میں اشتہاری لکھا جائے۔ کیس کی مزید سماعت 22 نومبر تک کے لئے ملتوی کر دی گئی ۔

واضح رہے کہ احتساب عدالت نے حسن نواز اور حسین نواز کو فلیگ انویسمنٹ ،حدیبیہ اسٹیل ملز اور لندن پراپرٹی کے 3ریفرنسز میں ایک ماہ کے اندر پیش ہونے کا حکم دیا تھا جس کی مدت10 نومبر کو  ختم ہوگئی تھی۔