ڈاکٹر عاصم کی احتساب عدالت میں پیشی،اہم ملزم کی غیرحاضری پر سماعت ملتوی


کراچی (24 نیوز) ڈاکٹر عاصم کی احتساب عدالت میں پیشی ، ملزم اعجاز چودھری کی استثنیٰ کی درخواست پر سماعت کل تک ملتوی کر دی گئی۔

تفصیلات کے مطابق کراچی کی احتساب عدالت میں ڈاکٹر عاصم حسین و دیگر کے خلاف 462 ارب روپے کرپش کیس کی سماعت ہوئی ، ڈاکٹر عاصم عدالت میں پیش ہوئے۔

نیب کی جانب سے گواہ محمد اکرم کو بھی عدالت میں پیش کیا گیا ، کیس کے ایک ملزم اعجاز چوہدری کی جانب سے بیماری کے باعث حاضری سے استثنٰی کی درخواست دائر کی گئی۔

عدالت نے کہا کے اس حوالے سے میڈیکل بورڈ تشکیل دیا جائے گا، عدالت نے ریفرنس کی سماعت کل تک ملتوی کر دی۔

کیس کی سماعت کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے ڈاکٹر عاصم حسین کا کہنا تھا کے ڈاکٹر فاروق ستار سے ملاقات ذاتی حیثیت میں کی ، پارٹی کی جانب سے وضاحت کی باتیں سازش ہے ، مجھ سے کوئی وضاحت نہیں مانگی گئی ہے۔

پیپلز پارٹی کراچی ڈویژن کے صدر ڈاکٹر عاصم حسین نے مزید کہا کے میڈیا پر جواب طلبی سے متعلق غلط تاثر دیا جا رہا ہے ، پی پی پی نے مجھ سے تو کوئی وضاحت نہیں مانگی ہے جو کہہ رہا ہے اس سے ہی پوچھا جائے۔