ضمنی انتخابات:کارکنوں کا جشن، بھنگڑے اور ہوائی فائرنگ

ضمنی انتخابات:کارکنوں کا جشن، بھنگڑے اور ہوائی فائرنگ


لاہور( 24 نیوز) ضمنی انتخابات کے دنگل میں فاتح امیدواروں کے حامیوں نے جشن منایا ،بھنگڑے ڈالے اور ہوائی فائرنگ کرکے قانون کی دھجیاں اڑاتے رہے۔

انتخابی نتائج آتے ہی جیتنے والے امیدواروں کے حامی جشن منانے لگے،  چودھری مونس الہی اور چودھری سالک حسین کی کامیابی پر گجرات میں چودھری برادران کی رہائش پرجشن منایا گیا، اسپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویز الہی کا اس موقع پر کہنا تھا کہ ق لیگ کی کامیابی سے گجرات اور چکوال کے عوام سرخرو ہوئے ہیں۔

اٹک میں لیگی کارکنوں نےجشن منایا اور مٹھائی تقسیم کی،  ٹیکسلا میں پی ٹی آئی کے کارکنوں نے جیت کی خوشی میں ہوائی فائرنگ کی،  این اے60 راولپنڈی میں بھی پی ٹی آئی کے کارکنوں نے ہوائی فائرنگ کی۔ این اے 124 لاہور سے شاہد خاقان عباسی کی کامیابی پر لیگی کارکنوں نے ایک دوسرے کو مبارک باد دی اور ڈھول کی تھاپ پر بھنگڑے ڈالے۔پی پی201 چیچہ وطنی سے پی ٹی آئی کےامیدوار صمصام بخاری کی کامیابی پران کے ووٹرزنے خوب ہلہ گلہ کیا۔

خیبرپختونخواکےمختلف علاقوں میں پی ٹی آئی کی کامیابی پرکارکنوں نےہوائی فائرنگ کی جبکہ پشاورمیں عوامی نیشنل پارٹی کے کارکنوں نےنتائج آنے سے پہلے ہی جشن منانا شروع کردیا اور ہوائی فائرنگ کرتے رہے۔