حکومت کے سنبھلنے سے پہلے معیشت کو بڑا دھچکا

حکومت کے سنبھلنے سے پہلے معیشت کو بڑا دھچکا


کراچی( 24نیوز )حکومت کے سنبھلنے سے پہلے معیشت کو بڑا دھچکا لگ گیا،دو ماہ میں غیر ملکیوں نے پاکستان میں پہلے سے 51 فیصد کم سرمایہ کاری کی، چین کی سرمایہ کاری بھی کم ہو گئی۔
مالی سال کے پہلے دو ماہ کے دوران پاکستان میں غیر ملکیوں کی طرف سے مجموعی طور پر 15 کروڑ 87 لاکھ ڈالر کی نئی سرمایہ کاری کی گئی، جو گزشتہ سال اس عرصے سے 16 کروڑ 66 لاکھ ڈالر کم ہے، اسٹیٹ بینک کے مطابق جولائی اور اگست میں غیر ملکی نجی شعبے کی طرف سے صنعتی شعبے میں براہ راست سرمایہ کاری کا حقیقی حجم 28 کروڑ 82 لاکھ ڈالر رہا،، جو پہلے سے 19 کروڑ 24 لاکھ ڈالر کم ہے۔
جبکہ اس دوران اسٹاک مارکیٹ میں بیرونی سرمایہ کاری سے 12 کروڑ 96 لاکھ ڈالر کا انخلا دیکھا گیا، رواں مالی سال بھی اب تک اگر چہ سب سے زیادہ سرمایہ کاری چین کی طرف سے ہی کی گئی،، تاہم چینیوں کی سرمایہ کاری بھی گزشتہ سال سے 34 فیصد کم ہے، گزشتہ مالی سال کے پہلے دو ماہ کے دوران غیر ملکی سرمایہ کاری میں 37 فیصد اضافہ رکارڈ کیا گیا تھا۔