نگران سیٹ اپ کیلئے پی ٹی آئی کی جانب سے نام سامنے آ گئے


لاہور( 24نیوز ) تحریکِ انصاف نے نگراں وزیراعظم اور پنجاب کے وزیر اعلیٰ کے لئے تین تین ناموں کو حتمی شکل دے دی ہے۔
تفصیلات کے مطابق عمران خان نے پی ٹی آئی کے سینیئر رہنماوں کے مشورے سے نگراں وزیراعظم کے لئے 3 ناموں کو حتمی شکل دے دی ہے، تحریک انصاف نے جن ناموں کو فائنل کیا ہے ان میں عبدالرزاق داود، تصدق حسین جیلانی اور ڈاکٹر عشرت حسین شامل ہیں۔ شاہ محمود قریشی تینوں نام قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف خورشید شاہ کو پیش کریں گے۔
عبدالرزاق داود 1999 سے 2002 تک پرویز مشرف کی کابینہ میں وزیر تجارت رہ چکے ہیں، جسٹس ریٹائرڈ تصدق حسین جیلانی چیف جسٹس پاکستان کی حیثیت سے خدمات انجام دے چکے ہیں جب کہ ڈاکٹر عشرت حسین 1999 سے 2006 تک گورنر اسٹیٹ بینک رہے۔
دوسری جانب پنجاب کے نگراں وزیر اعلی کے لیے ڈاکٹر سلمان شاہ، شاہد کاردار اور طارق کھوسہ کے نام تجویز کئے گئے ہیں، پنجاب اسمبلی میں قائد حزب اختلاف محمود الرشید اپوزیشن جماعتوں سے مشاورت کے بعد یہ نام وزیر اعلی کے سامنے رکھیں گے۔

اظہر تھراج

صحافی اور کالم نگار ہیں،مختلف اخبارات ،ٹی وی چینلز میں کام کا وسیع تجربہ رکھتے ہیں