پہلوانوں کا شہر گوجرانوالہ میں گندگی کے ڈھیر


  گوجرانوالہ (24نیوز) پہلوانوں کا شہر گوجرانوالہ میں کوڑے کرکٹ کے پہاڑ دکھائی دینے لگے۔ ہر طرف گندگی سے لوگوں کا سانس لینا محال ہوگیا۔ انتظامیہ ٹس سے مس نہ ہوئی۔ شہریوں نے بھی کہہ دیا کہ انتظامیہ ان کے صبر کا امتحان نہ لے۔

 تفصیلات کے مطابق گوجرانوالہ کی ہر سڑک پر کوڑے کے بڑے بڑے پہاڑ دکھائی دینے لگے۔ گیارہ سو ٹن کوڑا شہر کے بڑے چوکوں اور چوراہوں پر تعفن پھیلانے لگا۔ انتظامیہ کی بے حسی پر شہریوں کا کہنا تھا کہ انہیں کس جرم کی سزا دی جارہی ہے۔

شہر کے ہر بڑے چوکوں پر گندگی اور غلاظت کے ڈھیر لگنے سے پورا شہر فلتھ ڈپو کا منظر پیش کرنے لگا ہے۔ صورتحال پر کہیں اسکول کے بچے تو کہیں تاجر سراپا احتجاج ہیں۔ لیکن ان کی کوئی سننے والا نہیں ۔

پنجاب حکومت نے دعویٰ کیا ہے کہ اس ہفتے میں مشینری پہنچ جائے گی۔ ہنگامی بنیادوں پر 15روز میں پورے شہر سے کوڑا اٹھا لیا جائے گا۔ شہریوں کا کہنا تھا  کہ گندگی اور تعفن سے لوگ بیماریوں کا شکار ہورہےہیں۔ اس لئے جلد از جلد اس پر کام شروع کیا جائے۔