پاکستان بھر میں بارشوں کا سلسلہ شروع، گرمی کا زور ٹوٹ گیا


24نیوز : لاہور سمیت پنجاب کے کئی علاقوں میں بارش سے موسم خوشگوار ہو گیا۔ بلوچستان اور خیبر پختونخوا میں بھی بادل برس پڑے۔ وادی نیلم میں بارش کے ساتھ برف باری سے موسم پھر سرد ہو گیا۔ کراچی میں بھی ابر رحمت سے گرمی کا زور ٹوٹ گیا۔

گرمی سے گھبرائے شہریوں کی جان میں جان آ گئی۔ لاہور سمیت پنجاب کے کئی اضلاع میں بارش سے موسم کا مزاج پھر بدل گیا۔ بارش اور ٹھنڈی ہوائوں نے لوگوں کے مزے کرا دئیے۔

یہ بھی پڑھئے: خنجراب کا موسم معتدل، سیاحوں نے ڈیرے ڈال لیے 

لاہور میں تیزہواؤں اورہلکی بارش سے شہرکاموسم خوشگوار ہو گیا،سرگودھا ، جھنگ،ملتان ،مرید کے، کھاریاں ،نارووال ، ڈی جی خان میں بھی بارش ہوئی، بارش سے شہریوں کے چہرے کھل اٹھے، نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہونےسے لوگوں کو آمد و رفت میں مشکلات کا بھی سامنا رہا۔

اسلام آباد اور گرد و نواح میں بھی بارش سے موسم بھیگا اور نشیلا ہوگیا، شہر کی ہر چیز جیسے نہا کے نکھر گئی ہو، گرمی کی آمد سے پریشان لوگوں نے سکھ کا سانس لیا،خیبر پختونخوا کے بیشتر اضلاع میں بھی کہیں ہلکی اور کہیں تیز بارش جبکہ وادی نیلم میں برف باری سے سردی لوٹ آئی۔

کوئٹہ سمیت بلوچستان کے مختلف علاقوں میں بھی بادل خوب کھل کر برسے، بارش سے موسم اور لوگوں کا موڈ بھی خوشگوارہوگیا۔

محکمہ موسمیات نے آئندہ چوبیس گھنٹوں کے دوران مزید بارش کی نوید سنائی ہے، حکام کے مطابق بارش یہ سلسلہ جمعہ تک جاری رہے گا۔