"سانحہ اے پی ایس میں بچھڑ جانے والوں کی یاد ہمیشہ موجود رہے گی"



اسلام آباد(24نیوز) سانحہ آرمی پبلک سکول پشاور کے شہداء کی یاد میں وزیراعظم پاکستان عمران خان کا نے کہا کہ معصو م جانوں کی شہادت کے اس دلخراش واقعہ نے جہاں پوری قوم کوکرب و غم میں مبتلا کیا اوران کی یاد ہمیشہ موجود رہے گی۔

تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران نے سانحہ آرمی پبلک سکول پشاور کےشہداء کی یاد میں خراجِ تحسین پیش کیا، ان کا کہنا تھا کہ 16دسمبر کا دن ہمیں اس سیاہ دن کی یاد دلاتا ہے جب دہشت گردوں نے انسانیت اور مذہب کے تمام تقاضوں کو بالائے طاق رکھتے ہوئے آرمی پبلک سکول پشاور کے ان معصوم بچوں کو نشانہ بنایا ، معصو م جانوں کی شہادت کے اس دلخراش واقعہ نے جہاں پوری قوم کوکرب و غم میں مبتلا کیا وہاں قوم میں دہشت گردی کے خلاف یکجہتی اور وحدت کو جنم دیا، للہ تعالیٰ کی مدد اور پوری قوم کی حمایت سے ہماری بہادر افواجِ پاکستان اور قانون نافذ کرنے والے دیگر اداروں نے آپریشن ضرب ِعضب اور ردالفسادکے ذریعے دہشت گردی کے خلاف وہ فیصلہ کن معرکہ سر انجام دیا ۔

وزیراعظم  کا کہنا تھا کہ معصوم جانوں نے اپنے بے گناہ لہو کا نذرانہ دے کرقوم کو ہمیشہ کے لئے ایک ایسے سفاک دشمن کے خلاف متحد کر دیا جو انسانیت کے نام پر دھبہ اور حیوانیت کی بدترین مثال ہے، سانحہ اے پی ایس پشاور میں بچھڑ جانے والوں کی یاد ہمیشہ موجود رہے گی، آج کے دِن میں اے پی ایس کے معصوم شہیدوں کو خراجِ تحسین پیش کرنے کے ساتھ ساتھ اُن غمزدہ والدین سے دِلی ہمدردی کا اظہار کرتا ہوں جنہوں نے اپنے لخت جگر تعلیم کے حصول کے لیے بھجوائے تھے مگر وہ شہادت کی قبا ا وڑھے گھروں کولوٹے، پوری قوم معصوم شہداء کے ان والدین کے دکھ میں برابر کی شریک ہے۔

پاکستانی قوم نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں وہ قیمت ادا کی جس کا کوئی تخمینہ نہیں لگایا جاسکتا، ان کا کہنا تھا کہ میں یہ بھی واضح کردینا چاہتا ہوں کہ بے انتہاء نقصانات کے باوجود ہم بحثیت قوم ملکی، علاقائی اور عالمی امن کے لئے پرعزم ہیں،  آج کے دن میں اپنی بہادر افواج پاکستان اور قانون نافذ کرنے والے تمام اداروں کے اُن ہیروز کو سلام پیش کرتا ہوں۔

وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار

وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کا آرمی پبلک سکول پشاور کے شہداء کی چوتھی برسی کے موقع پر ایک  پیغام میں کہنا تھا کہ 16دسمبر2014ء کے دن سفاک درندوں نے معصوم بچوں کے خون سے ہولی کھیلی، آرمی پبلک سکول پشاورمیں معصوم بچوں کو بدترین بربریت کا نشانہ بنایا،قیام امن کے عظیم مقصد کے حصول کیلئے معصوم بچوں کا بہنے والا خون رنگ لایا ہے، آرمی پبلک سکول پشاورکے بچو ں نے بہادری اورجرأت کی نئی تاریخ رقم کی ،ان کا کہنا تھا کہ قوم شہدائے اے پی ایس کی عظیم قربانی کو کبھی نہیں بھلا پائے گی۔

وزیر اطلاعات چودھری فواد

وزیر اطلاعات چودھری فواد حسین نے سانحہ اے پی ایس کے شہداء کو خراج عقیدت پیش کیا،ان کا کہنا تھا کہ قوم دہشت گردی کے خلاف شہدائے اے پی ایس کی عظیم قربانی کو کبھی فراموش نہیں کرے گی،سفاک دہشت گردوں نے معصوم طلبہ کو بربریت کا نشانہ بنایا جس کی تاریخ میں مثال نہیں ملتی۔

بلاول بھٹو زرداری

بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ سانحہ اے پی ایس پاکستانی عوام کے لیے ہمیشہ صدمہ رہے گا، دہشت گردوں اور سہولت کاروں کا صفایا ہونے تک معصوم طلبا کا خون قوم کے ضمیر کو جھنجوڑتا رہے گا۔