لودھراں میں نواز شریف کے بیانیے کی جیت ہوئی:رانا ثناء اللہ


لاہور ( 24نیوز) صوبائی وزیر قانون پنجاب رانا ثنا اللہ خان کا کہنا ہے کہ لودھراں الیکشن میں نوازشریف کابیانیہ جیت کاسبب بنا، 450 افراد کے قتل کے ملزم راؤ انوار کو مرضی کا ریلیف دیا جاتا ہے جبکہ عدالتوں میں پیش ہونے والے نواز شریف کو اہلیہ کی عیادت کی اجازت دینے سے بھی انکار کیا جا رہا ہے۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے رانا ثنا اللہ نے کہا کہ ملکی ترقی مسلم لیگ ن کاایجنڈاہے، لودھراں الیکشن میں نوازشریف کابیانیہ جیت کاسبب بنا کیونکہ وہ عوام کے ووٹ کا تقدس چاہتے ہیں جبکہ عمران خان اپنے عمل کی وجہ سے لودھراں الیکشن ہارے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کی عدلیہ اورتمام ادارے باعث عزت ہیں ہمارا مقصد کسی کی عزت کو کم کرنا نہیں ہے، راؤ انوار پر 450 لوگوں کے قتل کا الزام ہے مگر اسے خط لکھنے پر مرضی کا ریلیف دیاجاتاہے اور اس کا انتظار بھی کیا جاتا ہے جبکہ نواز شریف عدالتوں میں پیش ہو رہے ہیں لیکن انہیں اہلیہ کی عیادت کیلئے جانے کی اجازت دینے سے انکار کیا جا رہا ہے۔