نواز شریف، عمران خان سے زیادہ خطرناک ہیں: عائشہ گلالئی


اسلام آباد (24نیوز) تحریک انصاف کی منحرف رہنما عائشہ گلا لئی نےبھی سابق وزیر اعظم نواز شریف کو کڑی تنقید کا نشانہ بنایا،انھوں نے کہا   نواز شریف کو معلوم ہونا چاہئے کہ انہیں کرپشن کے الزامات پر نکالا گیا، عائشہ گلا لئی کا کہنا تھا کہ عدالتوں کی ہرزہ سرائی سے حقائق کو چھپایا نہیں جاسکتا۔

 پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر میڈیا سے گفتگو میں عائشہ گلا لئی نے کہا کہ سابق وزیر اعظم کے سر سے ابھی اقتدار کا نشہ نہیں اترا، اسی لئےعدلیہ کے خلاف ہرزہ سرائی کر رہے ہیں،انھوں نے کہا کہ شریف فیملی چاہتی ہے کہ انہیں کوئی ہاتھ نہ ڈال سکے۔

عائشہ گلا لئی کا کہنا تھا کہ سابق وزیر اعظم اداروں میں تصادم کرانا چاہتےہیں، وہ عدلیہ کے ساتھ ساتھ فوج کو بھی تنقید کا نشانہ بناتے رہے۔

عائشہ گلا لئی نے سابق وزیر اعظم نواز شریف کو عمران خان سے زیادہ خطرناک قرار دے دیا، کہتی ہیں نواز شریف نے تو عوام کو فوج کے خلاف اکسانے سے بھی دریغ نہیں کیا۔