فاروق بھائی کے ماننے پر بہادرآباد نے انہیں واپس بلا لیا


کراچی (24 نیوز) فاروق بھائی اس بار خود مان گئے، وہ ایک قدم پیچھے ہٹے تو بہادرآباد نے بھی انہیں واپس بلا لیا۔ فاروق ستار نے 24 نیوز کی خبر کی تصدیق کر دی۔

کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فاروق ستار نے کہا کہ تحلیل شدہ رابطہ کمیٹی سینٹ انتخابات کے لیے اپنے 4 نام مجھے دیں، وہی 4 نام ہمارے امیدوار ہوں گے، فیصلہ رابطہ کمیٹی کا، اعلان میرا۔ تنظیم اور قوم کو بچانا چاہتا ہوں۔

فاروق ستار کے اس اعلان پر تبصرہ کرتے ہوئے کنور نوید جمیل نے کہا کہ بھائی کا فیصلہ خوش آئند ہے، وہ آئیں اور کنوینر کی سیٹ سنبھالیں۔ ان کی مشاورت سے 16 میں سے 4 نام فائنل کریں گے، ہم سب فاروق ستار کی عزت کرتے ہیں، لیکن کامران ٹیسوری پر اعتراض اب بھی برقرار ہے۔

خواجہ اظہار الحسن نے کہا کہ فاروق ستار بھائی کا اعلان خوش آئندہ ہے، گلے شکوے دور ہو گئے اب مزید دیر نہیں ہونی چاہیے، یہ وقتی لڑائی تھی جس سے دوسرے فائدہ اٹھا رہے تھے۔

نسرین جلیل نے کہا کہ ڈیڑھ سال سے بہت کچھ ہو رہا تھا، سینٹ ٹکٹ تو بہانا بنا۔ اصل بات یہ ہے کہ پارٹی آئین اور اختیارات کیا ہیں؟ فاروق بھائی سے استدعا ہے کہ بیٹھ کر معاملات کا حل نکالیں۔ میں صرف یہ جانتی ہوں کہ تقسیم نہیں ہونی چاہیے۔