سعودی فلسفہ بڑی طاقت کی حیثیت سے ابھر رہاہے: چودھری  فواد

 سعودی فلسفہ بڑی طاقت کی حیثیت سے ابھر رہاہے: چودھری  فواد


اسلام آباد( 24نیوز )وفاقی وزیر اطلاعات چودھری  فواد حسین نے کہا ہے کہ  سعودی عرب سے تعلقات اقتصادی روابط اور اسلامی اخوت کے رشتے میں بندھے ہوئے ہیں۔

سعودی ٹی وی چینل کو انٹرویو کے دوران چودھری فواد حسین نے کہا ہے کہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان تاریخی تعلقات ہیں، پاکستان میں مرحوم سعودی فرمانروا شاہ عبدالعزیزاور ان کے شاہی خاندان کو بڑی قدر کی نگاہ سے دیکھا جاتاہے، اسلام آباد میں شاہ فیصل مسجد دونوں ممالک کے درمیان مضبوط رشتے کی عکاسی کرتی ہے، وزیر اعظم عمران خان کے سعودی عرب کے دوروں سے دونوں ملکوں کےدرمیان مضبوط تعلقات کو مزید وسعت ملی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان اپنے ایشیاء کے دورے کا پاکستان سے آغاز کررہےہیں، پاکستان سعودی عرب کا تہہ دل سے شکرگزار ہے، ہم چاہتے ہیں کہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان تعلقات کو تذویراتی شراکت داری میں بدل دیں، پاکستان سعودی عرب کے موقف کی مشرق وسطی اور بین الاقوامی سطح پر حمایت کرتاہے۔

میڈیا حقیقت حال کی عکاسی کرتا ہے اگر صورت حال مثبت ہے تو میڈیا مثبت تاثر دے گا،پاکستان اور سعودی عرب میں مثبت صورتحال ہے تو دونوں ملکوں میں مثبت صورتحال کی عکاسی ہورہی ہے،ہم پاکستان میں دہشت گردی اور دھماکوں سے مرعوب نہیں ہوتے، پاکستان میں سعودی وزارت اطلاعات کے ساتھ مکمل تعاون کررہے ہیں،سعودی شہریوں کے لئے ہم نے ویزہ کی مخصوص سہولتیں فراہم کی ہیں،پاکستان میں بے شمار سیاحتی مقامات ہیں جن کو دیکھ کر اکثر لوگ سوئٹزرلینڈ کو بھی بھول جاتے ہیں۔

پاکستان میں دنیا کی بلند ترین برفانی چوٹیاں ، سمندراور قدرتی مناظر موجود ہیں ، ہم چاہتے ہیں عرب ممالک کے لوگ یورپ جانے کے بجائے سیرو سیاحت کے لئے پاکستان کا رخ کریں، اس سلسلے میں ایک جامع مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کئے جائیں گے، اس حوالےسے ہم نے ایک مشترکہ کمیٹی بھی قائم کی ہے۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پاکستان کے عوام شہزادہ محمد بن سلمان کے ویژن کی تائید اور حمایت کرتے ہیں،وزیر اطلاعات ہم سعودی وزارت اطلاعات کے ساتھ بھر پور تعاون کررہے ہیں تاکہ اسلامی رواداری کو فروغ دیا جائے۔ وزیراعظم عمران خان کا ویژن ہے کہ پاکستان کو ریاست مدینہ کی طرز پر بنایا جائے، سعودی فلسفہ عالم اسلام کی ایک بڑی طاقت کی حیثیت سے ابھر رہاہے۔

اظہر تھراج

Senior Content Writer