کراچی کی ہونہار طالبہ آج اہم مشن پر روانہ ہوگی

کراچی کی ہونہار طالبہ آج اہم مشن پر روانہ ہوگی


کراچی(24نیوز)کراچی کی ہونہار بیٹی پاکستان کا نام روشن کرنے کے لیے خلا میں سفر کرے گی، رادیہ عامر کو امریکی خلائی ادارے ناسا نے ایک ہفتے کی انٹرن شپ کے لیے منتخب کرلیا، وہ آج امریکہ کے لیے روانہ ہوں گی۔

رادیہ عامر  برٹش اوورسیز سکول کراچی میں آٹھویں کلاس کی طالبہ ہیں۔ رادیہ عامر کو شروع سے ہی خلا میں جانے اور اسے جاننے کا تجسس تھا، وہ آج کراچی سے ناسا کینیڈی سپیس سینٹر آرلینڈو فلوریڈا کے لیے روانہ ہوں گی،رادیہ کو اس کے اسکول کی سپورٹ پر ناسا نے مختلف ممالک کے 25 طلباء کے گروپ کے ساتھ منتخب کیا ہے اور رادیہ اپنی پہلی کامیابی پر کافی پرجوش ہیں۔ رادیہ عامر کو خلا میں زندہ رہنے، چہل قدمی کرنے سمیت دیگر خلائی امور کے بارے میں تربیت دی جائے گی۔

رادیہ عامر کا کہنا ہے کہ ناسا کینیڈی اسپیس سینٹر میں ایک ہفتہ گزارنا اور وہاں پاکستان کا سبز ہلالی پرچم لہرانا میرا خواب ہے، میری شروع سے ہی سیاروں اور ستاروں میں دلچسپی تھی، کہکشاں میں چمکتے ہوئے ستارے ہمیشہ سے ہی میری جستجو کا باعث بنے رہے ہیں۔ رادیہ نے اپیل کی کہ لوگ میرے سفر کی کامیابی کے لیے دعا کریں۔

اظہر تھراج

Senior Content Writer