شیخوپورہ: ہسپتال میں وینٹی لیٹر نہ ہونے کے باعث 3 سالہ بچی دم توڑ گئی


شیخوپورہ(24نیوز) میاں شہباز شریف مدر اینڈ چلڈرن ہسپتال میں وینٹی لیٹر نہ ہونے کی وجہ سے کمسن بچی دم توڑ گئی،3 سالہ ذینب کو سانس کی تکلیف کے باعث صبح 6 بجے ہسپتال لایا گیا تھا۔

تفصیلات کے مطابق شیخوپورہ میں وزیراعلی پنجاب میاں شہبازشریف سے منسوب مدر اینڈ چلڈرن ہسپتال میں وینٹی لیٹر نہ ہونے کی وجہ سے 3 سالہ بچی زینب دم توڑ گئی۔واربرٹن کا رہاشی محمد حسین صبح 6 بجے بچی کو سانس کی تکلیف کے باعث ہسپتال میں لیکر آیا جہاں اسکو وینٹی لیٹر پر رکھنا اشد ضروری تھا مگر ہسپتال میں مشین نہ ہونے کی وجہ سے بچی کی حالت بگڑتی گئی اور آخر 7 گھنٹے تک زندگی اور موت کی کشمکش میں رہنے کے بعد دم توڑ گئی۔اپنی لخت جگر کی موت کا سن کر ماں غم سے نڈھال ہوگئی اور بے ساختہ بچی کو گلے لگا کر روتی رہی۔

ڈاکٹرز کا کہنا تھا کہ جب بچی کو ہسپتال میں لایا گیا تو اسکی حالت تشویشناک تھی جسے بحال کرنے کے لئے سرتوڑ کوشش کی گئی مگر جانبر نہ ہو سکی۔ ہسپتال کے ایم ایس سے جب اس واقع سے متعلق جاننے کی کوشش کی گئی تو وہ ہسپتال سے مبینہ طور پر غائب ہو گیا۔