عمران خان، آصف زرداری ایک کنٹینر پر نہیں بیٹھیں گے: پی ٹی آئی


لاہور (24 نیوز) پاکستان تحریک انصاف کے ترجمان فواد چودھری نے کہا ہے کہ سانحہ ماڈل ٹاؤن کے معاملہ پر شروع ہونے والا متحدہ اپوزیشن کا احتجاج شہباز شریف کی حکومت کے خاتمہ پر ہی ختم ہو گا۔ تحریک انصاف اور پیپلز پارٹی میں سیاسی اتحاد ممکن نہیں ہے۔

لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے تحریک انصاف کے رہنما فواد چودھری کا کہنا تھا کہ تمام سیاسی جماعتیں اس پر بات اکٹھی ہیں کہ سیاسی مخالفین کو قتل نہیں کیا جاسکتا لیکن سانحہ ماڈل ٹاؤن میں نہتے مظاہرین کو قریب سے گولیاں ماری گئیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر مخالفین کو گولیاں ہی مارنی ہیں تو پھر ظلم اور موجودہ نظام میں کیا فرق ہے۔

انہوں نے کہا کہ پہلے رانا ثنا اللہ کہہ رہے تھے کہ پولیس نے گولیاں چلا کر ٹھیک کیا کیونکہ دوسری جانب سے پہلے فائرنگ ہوئی تھی جب کہ ماڈل ٹاؤن سانحے میں ملوث لوگوں کو اہم عہدوں پر تعینات کیا جا رہا ہے۔

فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ یہ احتجاج کسی کی سیاست کے لیے نہیں ہو رہا بلکہ اس کا مقصد سانحہ ماڈل ٹاؤن میں شہید ہونے والے افراد کے لواحقین کو انصاف کی فراہمی ہے اور متحدہ اپوزیشن کا احتجاج شہباز شریف کی حکومت کے خاتمے پر ہی ختم ہو گا۔

انہوں نے مزید کہا کہ تحریک انصاف اور پیپلز پارٹی کا اپنا اپنا سیاسی نظریہ ہے اور دونوں جماعتوں میں سیاسی اتحاد ممکن نہیں ہے۔ نہیں چاہتے کہ عمران خان اور آصف زرداری کے ایک اسٹیج پر بیٹھنے سے کوئی غلط فہمی پیدا ہو۔ طاہرالقادری کے دھرنا کے ایک سیشن میں آصف زرداری اور دوسرے میں عمران خان ہوں گے۔ بتایا گیا کہ طاہرالقادری کی اس سے متعلق آصف زرداری سے بات چیت چل رہی ہے۔

قصور میں 7 سالہ بچی کو زیادتی کے بعد قتل کیے جانے کے واقعہ پر فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ قصور واقعہ پنجاب حکومت کی ناکامی ہے۔ قصور واقعہ میں ملزم کی عدم گرفتاری سے ظاہر ہوتا ہے کہ پنجاب کے حالات ٹھیک نہیں ہیں۔

نواز شریف میں شیخ مجیب الرحمان کی روح بول رہی ہے: فواد چودھری

انہوں نے کہا کہ پنجاب پولیس عوام کو بچانے کے لیے کچھ نہیں کرتی لیکن ڈی سی کو بچانے کے لیے سیدھی گولیاں مارتی ہے، قصور میں اس سے قبل بھی 3 لوگوں کو مبینہ مقابلے میں مارا جا چکا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ قصور واقعہ میں تاحال کوئی مثبت پیش رفت نہیں ہوئی۔ علی الصبح شہباز شریف تعزیت کرنے گئے تھے یا ننھی زینب کے گھر والوں کو اذیت دینے گئے تھے؟

سابق وزیراعظم نواز شریف کے ججز سے متعلق بیانات پر فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ ایسا لگ رہا ہے نواز شریف میں شیخ مجیب الرحمان کی روح بول رہی ہے۔