زمیں پر جنت ،جہاں سیاح کھنچے چلے آتے ہیں

زمیں پر جنت ،جہاں سیاح کھنچے چلے آتے ہیں


مظفر آباد ( 24نیوز )وادی نیلم کے خوبصورت مقامات اڑنگ کیل، شونٹر اور چٹہ کٹھہ جھیل کے خوبصورت نظارے، یہ دیو مالائی وادیاں سیاحوں کو خوش آمدید کہنے اور ان کی بھرپور مہمان نوازی کے لئے بانہیں کھولی کھڑی ہیں۔

گرمی کے دنوں میں کچھ فرصت ملی تو ہم نے سوچا کہ الیکشن کی کوریج سے پہلے حسین وادیوں میں کچھ آوارگی کر لی جائے،فیصلہ ہوتے ہی ہم کشمیر کی دلنشیں وادی نیلم کی طرف چل پڑے، کیل پہنچ کر ہم نے دیو مالائی وادی اڑنگ کیل کا رخ کیا،کنٹرول لائن سے ملحقہ اس وادی نے تو دل ہی موہ لیا،ہم نے بھی دل کھول کر سیلفیاں اور تصاویر بنائیں۔

یہ بھی پڑھیں:  بیوی کو اٹھا کردوڑنا، کس نے کیا اور کیوں؟جانیے

اڑنگ کیل سے ہم شونٹر پہنچے، رات بھر وہاں قیام کیا اور وہاں سے ارادہ کیا حسین و جمیل جھیل چٹہ کٹھہ کے دیدار کا،6 گھنٹے کی سخت ٹریکنگ نے ہمیں جھیل تک تو پہنچا دیا لیکن اس دوران موسمی سختیوں نے ہمارے حوصلے کا بھرپور امتحان لیا،تیزبرفباری نے ہمارا استقبال بھی کیا۔

جھیل کا نظارہ تھا کہ کسی خوابناک جنت کا ماحول، گہرے بادلوں میں گھری جھیل پر برف کی تہہ جمی ہوئی تھی،موسم اتنا سرد تھا کہ رگوں میں خون جمتا محسوس ہوا،ٹرینکگ کی تھکن تو اتر گئی لیکن خون جماتی سردی نے آنکھوں کو یہ قدرتی نظارے جی بھر کر لوٹنے نہ دئیے۔

بس پھر کیا تھا ہم نے واپسی کا رخ کر لیا، کیونکہ موسم خراب سے خراب تر ہوتا جا رہا تھا، واپسی پر اترائی کا سفر تو چڑھائی سے بھی مشکل تھا، پھسلن کئی گنا زیادہ بڑھ چکی تھی، دوبارہ کئی گلیشئرز کو بھی دوبارہ کراس کرنا تھا ۔

میں اور میرے ساتھی بہت خوش تھے کہ ہم نے دیو مالائی جھیل چٹہ کٹھہ کا ایسا نظارہ کر لیا تھا جو بہت کم لوگ کر پاتے ہیں،اب یہاں بنائی گئی تصاویر اور ویڈیوز ہماری زندگی کا بہترین سرمایہ ہیں۔