صدر ، وزیر اعظم سمیت دیگر سیاسی رہنماؤں کی قوم کو عید کی مبارکباد

صدر ، وزیر اعظم سمیت دیگر سیاسی رہنماؤں کی قوم کو عید کی مبارکباد


اسلام آباد(24نیوز) صدرممنون حسین اور نگران وزیراعظم ناصرالملک سمیت دیگرز سیاسی رہنماؤں نے عیدالفطر کے پُرمسرت موقع پر قوم اور دنیا بھر کے مسلمانوں کو مبارکباد دی ہے۔

ذرائع کے مطابق صدر نے اپنے پیغام میں کہا  ہے کہ اسلام کی تعلیمات پر حقیقی معنوں میں عمل درآمد سے ہی معاشرے میں درپیش ناانصافیوں میں کمی لائی جاسکتی ہے۔انہوں نے کہا کہ رمضان المبارک کے دوران مذہبی اور روحانی تجربات سے معاشرے کے کمزور طبقات کی مشکلات کااحساس پیدا ہوتا ہے۔

نگران وزیراعظم نے اپنے پیغام میں کہاکہ عیدالفطر رمضان المبارک کی تکمیل کی علامت ہے جس سے خلوص، نظم وضبط، رواداری ،رحمدلی اورقربانی جیسی خصوصیات کو مزید فروغ ملتاہے۔انہوں نے کہا کہ قوم کو آج کے دن اپنے اُن بیٹوں کو بھی یاد رکھنا چاہیے جنہوں نے وطن عزیز کے دفاع کیلئے اپنی زندگیوں کا نذرانہ پیش کیا۔

یہ بھی پڑھیں: ملک بھر میں عیدالفطر مذہبی جوش و خروش سے منائی جارہی ہے

 پاکستان تحریک انصاف  کے چیئرمین عمران خان نے بھی پوری قوم کو عید الفطر کی مبارکباد دی ہے۔انھوں نے کہا کہ دعا کریں آئندہ برس عید نئے پاکستان میں میسر آئے جس کا خواب ہمارے آباء و اجداد نے دیکھا تھا۔عمران خان نے مزید کہا کہ  تمام پاکستانیوں کو عید کی خوشیاں مبارک ہوں۔

بلاول بھٹو  نے  پاکستان سمیت امت مسلمہ کو عید الفطر کی مبارکباد   دی ، بلاول بھٹو نے شمالی وزیرستان میں تین جوانوں کی شہادت پر افسوس کا اظہار کیا۔

گجرات میں نمازعید کی ادائیگی کے بعد میڈیا سے گفتگو میں ق لیگ کے رہنما چودھری شجاعت  نے پوری قوم کو عید کی مبارکباد دی ۔ ان کا کہنا  تھا کہ  انتشار کی سیاست میں کسی کا کوئی فائدہ نہیں، انتخابات ذاتیات پرنہیں ہونے چاہیئں، تمام سیاستدانوں کو متحد ہونے کی ضرورت ہے۔

 راولپنڈی میں نماز عید کے بعد شیخ رشید نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ تمام عالم اسلام کو عید مبارک  ہو۔  اللہ تعالی میاں نواز شریف کی اہلیہ کو صحت دے، دعا ہے کہ عمران خان کی حکومت بنے ،  میرا دل گواہی دے رہا ہے ایک لاکھ سے زیادہ ووٹ لوں گا۔

وقار نیازی

سٹاف ممبر، یونیورسٹی آف لاہور سے جرنلزم میں گریجوایٹ، صحافی اور لکھاری ہیں۔۔۔۔