ہائی وولٹیج ٹاکرا، بھارتی سورماؤں نے شاہینوں کابسترپھرگول کردیا



مانچسٹر(24نیوز)بھارتی سورماؤں نے شاہینوں کابسترپھرگول کردیا،پاکستان کی ورلڈکپ میں بھارت سے جیت کی خواہش ادھوری رہ گئی، اعصاب شکن میچ میں بھارت نے نواسی رنز سے کامیابی سمیٹ لی۔

بھارت کے پہلے کھیلتے ہوئے 336رنز جوڑے، پاکستان نے جواب میں پنتیس اوورز میں چھےوکٹوں کےنقصان پر 166رنز بنائےتو بارش کےباعث میچ روکناپڑا، ڈی ایل میتھڈ کےتحت پاکستان کو تیس گیندوں پر 136رنز کا ہدف ملا، قومی ٹیم مقررہ اوور میں چھےوکٹوں کےنقصان پر212رنز ہی بناسکی،روہت شرماکی 140رنز کی بڑی اننگز، ویرات کوہلی کے77رنز بنائے۔

بڑا ہدف شاہینوں کے ہاتھ پاؤں پھول گئے، بلے باز بغیر کسی حکمت عملی کے گراؤنڈ میں اترے، فخر اور بابراعظم 104رنز کی شراکت کےبعدغیرذمہ دارانہ شارٹس کھیلتے ہوئے آؤٹ ہوئے،شعیب ملک صفر، امام الحق سات، پروفیسر نو رنز بناکر پویلین لوٹے، کپتان سرفراز بارہ رنز بناکر چلتے بنے۔

قومی ٹیم باؤلنگ میں بھی بری طرح فلاپ، حسن علی مہنگے ترین باؤلر ثابت ہوئے، 9 اوورز میں چوراسی رنز دیکر صرف ایک وکٹ حاصل کی، وہاب ریاض نےبھی اکہتررنز دےکرصرف ایک کھلاڑی ہی آؤٹ کیا، عمادوسیم اور شاداب بھی اچھی گیندبازی میں ناکام رہے۔

محمدعامر نے اپنے حصے کاکرداراداکردیا،  نپی تلی باؤلنگ سے بھارتی بلےبازوں کو دبوچ کر رکھا، دس اوورز میں سنتالیس رنز دےکر تین بھارتی بلےبازوں کو ٹھکانےلگایا۔

شاہین بیٹنگ،باؤلنگ کےبعد فیلڈنگ میں بھی ناکام،شاہینوں نے بھارتی کھلاڑیوں کو رن آؤٹ کرنے کے کئی چانس مس کئے، اوپنر روہت شرما کو32 کےانفرادی اسکور پررن آؤٹ کرنےکا چانس گنوادیا، فخرزمان نےگیند وکٹ کے دوسری جانب پھینک دی۔