سپرلیگ،ملتانیوں نے لاہور قلندرز کی جیت کیلئے مصلے بچھالیے

سپرلیگ،ملتانیوں نے لاہور قلندرز کی جیت کیلئے مصلے بچھالیے


دبئی (24نیوز)پی ایس ایل تھری دلچسپ مرحلے میں داخل،ملتان سلطان کے مداحوں نے لاہور قلندرز کی جیت کیلئے مصلے بچھالیے۔
پی ایس ایل تھری کے پلے آف مرحلے میں رسائی کی جنگ جاری ہے،پشاورزلمی نے کراچی کنگز کو ہرا کر پلے آف کی طرف ایک قدم بڑھا لیا ہے،آج پشاور زلمی لاہور قلندرز کے خلاف اہم ترین میچ کھیلے گی،پشاورجیتی توپلے آف اور اگر ہاری تو اس کا سی آف ہوجائے گا۔
گز شتہ روزپشاورزلمی نے کراچی کنگز کو44رنز سے شکست دی، زلمی نے پہلے کھیلتے ہوئے6وکٹوں کے نقصان پر 181 رنز کا پہاڑکھڑاکردیا،جسے کراچی کے شاہ گرانے میں ناکام رہے،کامران اکمل نے کراچی کنگز کے باﺅلروں کے چھکے چھڑادئیے،انھوں نے 51 گیندوں پر75 رنز بنائے جس میں 6 چھکے اور 3چوکے شامل تھے۔
ہدف کے تعاقب میں کراچی کنگز کا آغازاچھا نہ رہا،جو ڈینلی اور کولن انگرام بناکوئی اسکور بنائے پویلین لوٹ گئے،بابراعظم کے 66 رنز بے سود ثابت ہوئے۔آفریدی نے بھی میچ کا پانسہ پلٹنے کی کوشش کی لیکن ناکام رہے۔

یہ بھی پڑھئے:ایون فیلڈ ریفرنس کی سماعت، قطری شہزادے کے اصل خط عدالت میں پیش
آج پشاور زلمی ، لاہور قلندرز کے خلاف اہم ترین میچ کھیلے گی،پی ایس ایل تھری کے لیگ میچوں کے آخری روزلاہورقلندرز اور پشاور زلمی جبکہ اسلام آباد یونائیٹڈ اور کراچی کنگز آمنے سامنے ہوں گے، لاہور قلندرز کی دفاعی چیمپئن پشاور زلمی کے خلاف فتح ملتان سلطانز کو پلے آف مرحلے میں پہنچادے گی ،پشاور زلمی کامیابی کی صورت میں نہ صرف پلے آف مرحلے میں پہنچ جائے گی بلکہ پوائنٹس ٹیبل پر تیسرے نمبر پر بھی براجمان ہوجائے گی۔
دوسرے میچ میں کراچی کنگز اسلام آباد یونائیٹڈ کے خلاف کامیابی کی صورت میں پوائنٹس ٹیبل پر دوسرے نمبر پر پہنچ جائے گی،اس وقت تک اسلام آباد یونائیٹڈ 9میچوں میں 14 پوائنٹس کے ساتھ پہلے ،کوئٹہ گلیڈی ایٹرز 10 میچوں میں 10 پوائنٹس کے ساتھ دوسرے ،کراچی کنگز 9 میچوں میں نوپوائنٹس کے ساتھ تیسرے ،ملتان سلطانز 10 میچوں میں نو پوائنٹس کے ساتھ چوتھے اور پشاور زلمی نو میچوں میں 9 پوائنٹس کے ساتھ پانچویں نمبر پر براجمان ہے۔