سانحہ کرائسٹ چرچ، 6پاکستانیوں کے شہید ہونے کی تصدیق



 کرائسٹ چرچ(24 نیوز) سانحہ کرائسٹ چرچ میں 6پاکستانیوں کی شہادت کی تصدیق کردی گئی، ذیشان اوراس کےوالدین کی تصدیق کیلئےڈی این اے کیاجائے گاجبکہ محمدامین ناصرشدید زخمی حالت میں آئی سی یومیں زیرعلاج ہیں، دفتر خارجہ نے شہیدپاکستانیوں کے لواحقین کیلئے ویزا پورٹل جاری کردیا۔

دفترخارجہ کےمطابق شہید ہونے والوں میں سہیل شاہد،سیدجہاندادعلی،سیداریب احمد،محبوب ہارون، نعیم رشید اوران کےبیٹے طلحہ نعیم شہید شامل ہیں. ترجمان دفترخارجہ ڈاکٹرفیصل کاکہناہےکہ پاکستان اورنیوزی لینڈمیں پاکستانیوں کے اہلخانہ سے رابطے میں ہیں۔ نیوزی لینڈ میں پاکستان کےڈپٹی ہائی کمشنرسیدمعظم شاہ کاکہناہےکہ ایک پاکستانی محمدامین ناصر شدیدزخمی حالت میں آئی سی یومیں زیرعلاج ہیں۔

کرائسٹ چرچ اسپتال میں زیرعلاج محمدامین ناصر کی بہن شگفتہ کہتی ہیں ان کے بھائی کوتین گولیاں لگیں جوآپریشن کرکےنکال لی گئی ہیں لیکن انہیں تشویشناک حالت میں وینٹی لیٹر پررکھاگیاہے۔ 

دوسری جانب دفتر خارجہ نےسانحہ نیوزی لینڈمیں شہیدپاکستانیوں کے لواحقین کیلئے ویزا پورٹل جاری کردیا، نیوزی لینڈ جانے کے خواہشمند لواحقین کیلئے ای میل اور رابطہ نمبر بھی جاری، پاکستانی قونصلر جنرل کے ای میل اور واٹس ایپ پردستاویزبھجوائی جاسکتی ہیں۔

شہیدنعیم رشید اور ان کے بیٹے کی تدفین:

ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق نعیم رشید اور ان کے بیٹے کی تدفین کرائسٹ چرچ میں ہی کی جائے گی، کرائسٹ چرچ میں مقیم پاکستانی کمیونٹی نے نعیم رشید اور ان کی بیٹے کی تدفین کے لئے انتظامات کرلئے ہیں ۔ دفتر خارجہ کے مطابق سانحہ کرائسٹ چرچ میں شہید دیگر چار پاکستانی شہدا کی میتوں کو پاکستان لاکر تدفین کی جائیگی، شہداءکی میتِیں پاکستان لانے کیلئے انتظامات کرلئے گئے ہیں ۔

Malik Sultan Awan

Content Writer