ابو ظہبی ٹیسٹ، پہلا دن پاکستان کے نام

ابو ظہبی ٹیسٹ، پہلا دن پاکستان کے نام


ابوظہبی (24 نیوز) پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان ابوظہبی ٹیسٹ کا پہلا دن باؤلرز کے نام،شاہینوں نے کیویز کو 153رنز پر ٹھکانے لگا دیا جبکہ پاکستان نے اپنی پہلی اننگز میں دو وکٹوں کے نقصان پر 59 رنز بنالیے۔

پاکستان اور نیوزی لینڈ کے مابین سیریز کےپہلے ٹیسٹ میچ کے پہلے روز  نیوزی لینڈ کی ٹیم 153 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی جبکہ پاکستان نے اپنی پہلی اننگز میں دو وکٹوں کے نقصان پر 59 رنز بنالیے،  پاکستان کی جانب سے اننگز کا آغاز امام الحق اور محمد حفیظ نے کیا تاہم دونوں اوپنر ز جلد پویلین لوٹ گئے۔ 27 کے مجموعی اسکور پر امام الحق صرف 6 رنز بناکر گرینڈ ہوم کے ہاتھوں آؤٹ ہوگئے جبکہ محمد حفیظ  20 رنز بناکر ٹرینٹ بولٹ کا شکار بن گئے۔اظہر علی 10 اور حارث سہیل 22 رنز بناکر کریز  پر موجود ہیں۔

پاکستان کو نیوزی لینڈ کی برتری ختم کرنے کیلئے مزید 94 رنز درکار ہیں اور 8 وکٹیں ابھی باقی ہیں۔

 اس سے قبل  کیوی  کپتان کین ولیمسن نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا جوکہ سود مند ثابت نہ ہو سکا،  نیوزی لینڈ کی جانب سے جیت روال اور ٹام لاتھم نے اننگز کا آغاز کیا، 20 کے مجموعی سکور پر کیویز کو پہلا نقصان جیت روال کی صورت میں اٹھانا پڑا، ان کو  عباس نے سرفراز کی مد د سے 7 رنز پر چلتا کیا۔

نیوزی لینڈ کی دوسری وکٹ 35 رنز پر گری جب ٹام لاتھم 13 رنز بنا کر یاسر شاہ کا شکار بنے، تیسرے آؤٹ ہونے والے کھلاڑی راس ٹیلر تھے جو  2 کے انفرادی سکور پر پویلین لوٹ گئے۔

 چوتھی وکٹ کی شراکت میں کپتان کین ولیمسن اور ہنری نکول نے 72 رنز جوڑے تاہم 111 کے مجموعی سکور پر ہنری نکول 28 رنز پر ہمت ہار گئے،  اس موقع پر پاکستانی گیندبازوں نے کیویز کا جینا دوبھر کر دیا، ایک کے بعد ایک  نیوزی لینڈ کی وکٹوں کو جھڑی لگ گئی۔  کین ولیمسن 63، کولن ڈی گرون ہوم صفر، سوڈھی 4، واٹلنگ 10، ویگنر 12، اعجاز پٹیل 6 اور ٹرینٹ بولٹ 4 رنز بنا سسکے۔ یوں نیوزی لینڈ کی ٹیم  اپنی پہلی اننگز میں 153 رنز پر آل آؤٹ ہو گئی۔

 پاکستان کی جانب سے یاسر شاہ نے 3 جبکہ محمد عباس، حسن علی اور حارث سہیل نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں۔ بلال آصف نے ایک وکٹ حاصل کی۔