شہباز شریف کے ریمانڈ میں14 روز کی مزید توسیع


لاہور( 24نیوز )قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈرشہباز شریف کو احتساب عدالت میں پیش کردیا گیا ، آشیانہ ہاوسنگ سکینڈل کیس میں شہباز شریف کے جسمانی ریمانڈ میں مزید 14 دن کی توسیع کردی گئی ہے۔

قومی احتساب بیورو (نیب) نے عدالت سے 14 روزہ جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی تھی، شہباز شریف کو صبح احتساب عدالت میں پیش کیا گیا،پیشی کے بعد انہیں واپس نیب ہیڈ کوارٹر منتقل کردیا گیا ہے۔ان کی پیشی کے وقت کارکنوں کی بڑی تعداد موجود تھی،جنہوں نے اپنے قائد کے حق میں نعرے بازی کرتے رہے،آج شہباز شریف کو بکتر بند کی جگہ عام گاڑی میں احتساب عدالت لایا گیا ہے، اس موقع پر سکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے اور احتساب عدالت کے اطراف پولیس کی بھاری نفری تعینات تھی،دوسری جانب احتساب عدالت کی جانب جانے والے راستوں پر بھی رکاوٹیں کھڑی کرکے بند کی گئی تھی، جس کے باعث سکول اور دفاتر جانے والے افراد کو سخت دشواری کا سامنا رہا۔

واضح رہے کہ نیب لاہور نے 5 اکتوبر کو سابق وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف کو صاف پانی کیس میں طلب کیا تھا، تاہم ان کی پیشی پر انہیں آشیانہ اقبال ہاو¿سنگ کیس میں کرپشن کے الزام میں گرفتار کرلیا گیا تھا۔

اگلے روز انہیں احتساب عدالت میں پیش کیا گیا، جہاں جج نجم الحسن نے شہباز شریف کو 10 روزہ جسمانی ریمانڈ پر قومی احتساب بیورو (نیب) کے حوالے کرتے ہوئے سماعت 16 اکتوبر تک کے لیے ملتوی کردی تھی۔

ویڈیو دیکھیں: