لیاری کا مشہور

لیاری کا مشہور"ہیپی ویلی" سکول اپنی مثال آپ


کراچی(24 نیوز) لیاری کےعلاقے موسیٰ لین میں"ہیپی ویلی"نام کامعروف سکول، لیاری آپریشن کےبعد بننے والااسکول طلباکے روشن مستقبل کاضامن ہے۔

کراچی کے علاقہ لیاری کانام سنتے ہی جہاں دنیائے کھیل سے فٹبالرزاورباکسرزکاتصورپیدا ہوتا ہے، وہیں جرائم کی دنیا کے بڑے نام بھی اس علاقے کی پہچان تھے,  لیکن آج اسی لیاری میں ایک اسکول ایسا بھی ہے جو سندھ کے محکمہ تعلیم کے لئے اپنی مثال آپ ہے.لیاری کے علاقے موسیٰ لین میں قائم " ہیپی ویلی " کے نام سے معروف سکول کا دورہ کرتے ہوئے سیکرٹری تعلیم قاضی شاہد پرویز کہتے ہیں کہ علم جس شمع کہ نام ہے وہ ان بچوں کی آنکھوں میں روشن ہے۔
واضح رہے کہ حکومت سندھ اور غیر سرکاری تنظیم کے اشتراک سے قائم یہ سکول ایک ایسی جگہ موجود ہے،  جہاں ماضی میں گینگ وار کے کارندے ڈیرہ جمائے بیٹھے تھے لیکن اب یہاں علم کی جو کرنیں پھیل رہی ہیں، اس سے نہ صرف جہالت کے اندھیرے ختم ہوں گے، بلکہ لیاری کا اصل چہرہ اپنی پہچان بحال کر سکے گا ۔لیاری آپریشن کے بعد قائم ہونے والا یہ سکول ایک ایسے درخت کی مانند ہے،  جس کی چھاؤں نہ صرف آبادی کے بچوں بلکہ ان کے والدین کا مستقبل بھی سایہ دار بنا رہی ہے۔