ایشیا کرکٹ کپ:بنگلہ دیش نے  سری لنکا کو شکست دے دی

ایشیا کرکٹ کپ:بنگلہ دیش نے  سری لنکا کو شکست دے دی


دبئی ( 24 نیوز ) متحدہ عرب امارات میں جاری ایشیا کپ کےافتتاحی میچ میں بنگلہ دیش نے  سری لنکا کو 137 رنز سے شکست دے دی ، بنگلہ دیش نےجیت کے لیے 262 رنز کا ہدف دیا تاہم سری لنکا کی پوری ٹیم 35.1 اوورز میں 124 رنزپر ڈھیر ہو گئی۔

 تفصیلات کے مطابق بنگلہ دیشی کپتان مشرفی مرتضیٰ نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا ،لاستھ ملنگا نے پہلے ہی اوور میں لٹن داس اور شکیب الحسن کو کھاتہ کھولے بغیر پویلین کی راہ دیکھائی،تمیم اقبال زخمی ہونے کے باعث گراؤنڈ سے باہر چلے گئے جس کے بعد تیسری وکٹ کی شراکت میں محمد متھن اور مشفیق الرحیم 131 رنز جوڑے. 134کے مجموعی اسکور پر محمد متھن 63 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جب کہ محمود اللہ اور مصدق حسین ایک ایک رن بنا کر پویلین لوٹے۔

  بنگلہ دیش کی جانب سے وکٹ کیپر بیٹسمین مشفیق الرحیم نے شاندار بیٹنگ کرتے ہوئے 144 رنز بنائے جس کی بدولت بنگلہ دیش نے سری لنکا کو 262 رنز کا ہدف دیا۔سری لنکا کی جانب سے لیستھ ملنگا نے 4، ڈی سلوا نے 2، لکمل، اپونسو اور پریرہ نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

 جواب میں سری لنکا کی ٹیم ابتدا ہی سے دباؤ کا شکار رہی، بنگلہ دیشی باؤلر کی شاندار باؤلنگ کی بدولت سری لنکا کی پوری ٹیم 124 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔ دلروان پریرا نے سب سے زیادہ 29 رنز اسکور کیے۔صرف 4 سری لنکن بلے باز ڈبل فیگر میں داخل ہو سکے۔  بنگلہ دیش کی جانب سے مشرفی مرتضیٰ، مستفیض الرحمان اور مہدی حسن مرزا نے دو، دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

شاندار سنچری سکور کرنے پر مشفیق الرحیم میچ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے۔

ایونٹ کا دوسرا میچ آج پاکستان اور ہانگ کانگ کے درمیان دبئی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا اور یہ میچ پاکستانی وقت کے مطابق شام ساڑھے چار بجے شروع ہوگا۔

 

وقار نیازی

سٹاف ممبر، یونیورسٹی آف لاہور سے جرنلزم میں گریجوایٹ، صحافی اور لکھاری ہیں۔۔۔۔