کچرے کی صفائی کیلئے سندھ حکومت کو دوماہ کی مہلت


کراچی ( 24نیوزوزیراعظم عمران خان نے سندھ حکومت کو کچرا صاف کرنے کیلئے دو ماہ کی مہلت دے دی ہے، انھوں نے بھاشا ڈیم سے متعلق کہا  کہ اگر فنڈ دینے کا سلسلہ جارہ رہا تو پانچ سال میں ڈیم بنا دیں گے۔

تفصیلات کے مطابق کراچی میں فنڈ ریزنگ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ ڈیم بنانا وقت کی اہم ضرورت ہے اگر ڈیم نہ بنایا تو ماہرین کے مطابق 2025 تک ملک میں خشک سالی ہوجائے گی،  سب سیاستدانوں کو پتا تھا کہ ڈیم کتنے ضروری ہیں لیکن کسی نے نہیں سوچا کہ ایک دن پانی کی کمی ہوگی۔

عمران خان نے کہا کہ اس وقت ملک پر بہت 30 ہزار ارب کا قرضہ چڑھا ہواہے، ہمارے پاس بجٹ میں ڈیم بنانے کیلئے پیسے نہیں ہیں اور اس لئے ہم نے فنڈریزنگ کرنے کا فیصلہ کیاہے ۔ انھوں نے کہا کہ ہم نے ڈیم کیلئے سالانہ 30ارب روپے کاٹارگٹ حاصل کرناہے اور ہم یہ کریں گے ۔وزیراعظم نے کہا کہ اس وقت ملک میں صرف دو بڑے ڈیم ہیں جبکہ ہمارے ہمسایہ ملک چین میں 84 ہزار  اور بھارت میں 15 ہزار ڈیمز ہیں۔ 

ماسٹرپلان بنانے کا اعلان: 

وزیر اعظم پاکستان نے  گورنر ہاؤس میں ڈیم فنڈریزنگ کی تقریب  سے خطاب کرتے ہوئے بڑے بڑے اعلانات کئے، انھوں نے کہا کہ  کراچی کے لیے بیس سالہ ماسٹر پلان نادرن بائی پاس اور کورنگی میں ری سائیکلنگ پلانٹ  لگائے جائیں گے، وزیر اعظم نے کہا کہ دہشتگرد ی پر قابو پالیا ہے کراچی میں اسٹریٹ کرائم کو بھی ختم کرینگے جبکہ انہوں نے سندھ حکومت کو کچرے کی صفائی کےلیے دو ماہ کی مہلت بھی دے دی۔انھو ں  نے کہا کہ کراچی روشنیوں کا شہر بنے گا تو پورا ملک ترقی کرے گا ۔

وزیر اعظم سے ایم کیو ایم کے وفد کی ملاقات: 

وزیراعظم عمران خان نے اسٹیٹ گیسٹ ہاؤس میں اتحادیوں سے ملاقات کی، جس میں ایم کیو ایم پاکستان کے وفد میں کنوینر خالد مقبول صدیقی ،عامر خان سمیت دیگر رہنما  شریک تھے ۔وزیر اعظم سے ملاقات کے بعد میڈیا  سے گفتگو میں ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ وزیراعظم کے سامنے بہت سارے نکات رکھے جس کے ازالے کیلئے انہوں نے یقین دہانی کرائی ہے۔

میئر کراچی وسیم اختر کہتے ہیں کہ کراچی میں شارٹ ٹرم اور لانگ ٹرم منصوبوں کے لیے وزیر اعظم نے وزیر خزانہ کو ٹاسک دیا ہے ۔انھوں نے کہا کہ وزیر اعظم کے سامنے بحثیت مئیر کراچی کا مقدمہ رکھ دیا ہے،  وزیر اعظم نے جلد مسائل حل کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے۔

میڈیا مالکان سے ملاقات: 

وزیراعظم عمران خان نےمیڈیا مالکان،نمائندوں،اینکرز سے ملاقات میں کہاہے کہ وہ یقین دلاتے ہیں کہ ملک میں بہت جلدبہتری آنے والی ہے، شاہ خرچیاں ختم کرکے سادہ زندگی گزاریں گے۔وزیراعظم نے میڈیاکوکردار کوسراہتے ہوئے کہا کہ امید ہے پاکستانی میڈیا اوراینکرزسچ سامنے لاتے رہیں گے۔انھوں نے کہا کہ ملک سے کرپشن کا خاتمہ، لوٹی دولت واپس لانا اولین ترجیح ہے، ڈیمز بنانے میں میڈیا ہمارا ساتھ دے، ڈیمز ہر صورت بنیں گے، ملک میں ڈیم بننا بہت ضروری ہے۔

مزار قائد پر حاضری: 

  وزیراعظم عمران خان منصب سنبھالنے کے بعد ایک روزہ دورے پر کراچی پہنچے۔ گورنر سندھ عمران اسماعیل اور وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ سمیت دیگر اعلیٰ حکام نے ایئرپورٹ پر وزیراعظم کا استقبال کیا۔

اس کے بعد عمران خان مزار قائد پہنچے، وزیراعظم نے مزار قائد پر فاتحہ خوانی کی اور پھولوں کا گلدستہ بھی رکھا جس کے بعد وہ محترمہ فاطمہ جناح اور لیاقت علی خان کی قبروں پر بھی گئے اور فاتحہ خوانی کی۔

شازیہ بشیر

   Shazia Bashir   Edito