کراچی:پولیس کی مبینہ فائرنگ سےایک اور بچہ جاں بحق

کراچی:پولیس کی مبینہ فائرنگ سےایک اور بچہ جاں بحق


کراچی(24نیوز) کراچی میں ایک اور پولیس مقابلے نے معصوم کی جان لے لی، پولیس اور ملزموں میں فائرنگ کےدوران رکشا میں سوار ہونے والے 2سالہ احسن کوسینے میں گولی لگی اوروہ موقع پرچل بسا،وزیراعلیٰ سندھ نے نوٹس لے لیا۔

ایک اور مبینہ پولیس مقابلہ, ایک اور جان چلی گئی۔کراچی میں قانون کے رکھوالے ہی شہریوں کی جان کے دشمن بن گئے، مبینہ پولیس مقابلے میں ایک اور بچہ جاں بحق ہوگیا۔

صفورہ چورنگی کے قریب پولیس اور ملزمان کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا، فائرنگ کی زد میں آکر رکشہ میں سوار دو سالہ محمد احسن جان سے چلاگیا، لواحقین نے الزام عائد کیا کہ بچے کی موت پولیس کی گولی لگنے سے ہوئی۔ بچے کی موت نے ماں کو غم سے نڈھال کردیا، اس کا کہنا تھا کہ وہ بیکری سے نکل کر رکشا میں بیٹھ ہی رہے تھے کہ اچانک فائرنگ شروع ہوگئی۔

وزیراعلی سندھ نے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے ایڈیشنل آئی جی امیر شیخ سے رپورٹ طلب کرلی، واقعہ میں مبینہ طور پر ملوٹ چار پولیس اہلکاروں کو حراست میں لے لیا گیا، رواں ماہ ہی 6 اپریل کو قائد آباد میں مبینہ پولیس مقابلے کے دوران 12 سالہ سجاد فائرنگ کی زد میں آکر موت کی آغوش میں جا پہنچا تھا، رواں سال کے دوسرے ماہ میں میڈیکل کی طلبہ نمرہ بھی پولیس مقابلے کی زد میں آکر زندگی کی بازی ہار گئی تھی.

سٹاف ممبر، یونیورسٹی آف لاہور سے جرنلزم میں گریجوایٹ، صحافی اور لکھاری ہیں۔۔۔۔