بھارتی کرکٹر نوجوت سنگھ سدھو محبت کا پیغام لئے پاکستان پہنچ گئے


لاہور( 24نیوز )سابق بھارتی کرکٹر نوجوت سنگھ سدھو وزیر اعظم کی تقریب حلف برداری میں شرکت کیلئے لاہور پہنچ گئے ہیں۔
انہوں نے علامہ اقبال ائیر پورٹ پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ عمران خان کیلئے شال , پنجابی چپل کا تحفہ لایا ہوں،پنجابی میں محبت کا پیغام دیتے ہوئے انہوں نے کہا ہے کہ پاکستان جیوے ،سارا جہان جیوے،میں تو عمران خان کو سونا مانتا ہوں،2004میں کمنٹری کرنے پاکستان آیا تھا آج ایک بار پھر آیا ہوں۔

  انہوں نے کہا کہ  عمران خان کی قیادت میں پاکستان ترقی اورخوشحالی کے منازل طے کرے گا اور پاک بھارت تعلقات میں بہتری آئے گی۔

لائے کے آیاں پیغام محبتاں دا
بس کچھ الزام محبتاں دا

یہ بھی پڑھیں:  وزیر اعظم کا انتخاب، عمران خان پارلیمنٹ ہاؤس پہنچ گئے

ذرائع کے مطابق نوجوت سنگھ سدھو براستہ واہگہ بارڈر لاہور پہنچے جس کے بعد شام 5 بجے تک ان کی اسلام آباد آمد متوقع ہے، نوجوت سنگھ سدھو کی آج رات نامزد وزیراعظم عمران خان سے بھی ملاقات متوقع ہے۔
پاکستان کے 22ویں وزیراعظم کا انتخاب آج عمل میں لایا جائے گا اور نئے وزیراعظم کل ایوان صدر میں تقریب کے دوران صدر ممنون حسین سے اپنے عہدے کا حلف لیں گے۔
یاد رہے کہ تحریک انصاف کی جانب سے متوقع وزیراعظم عمران خان کی حلف برداری کی تقریب میں شرکت کے لیے تین بھارتی سابق کرکٹرز کو دعوت دی گئی تھی تاہم کپل دیو اور سنیل گواسکر نے ذاتی مصروفیات کے باعث آنے سے معذرت کی تھی۔
نوجوت سنگھ سدھو نے عمران خان کی حلف برداری کی تقریب میں مدعو کیے جانے کو اعزاز قرار دیا اور بھارتی میڈیا کی جانب سے شدید تنقید کے باوجود انہوں نے پاکستان آنے کا فیصلہ کیا۔
واضح رہے قومی اسمبلی میں نئے وزیر اعظم کا انتخاب جاری ہے،نومنتخب وزیر اعظم کل شام حلف اٹھائیں گے۔