وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان نے حلف اٹھا لیا

04:23 PM, 17 Aug, 2018

اظہر تھراج

پشاور( 24نیوز )نومنتخب وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے اپنے عہدے کا حلف اٹھالیا،حلف برداری کی تقریب گورنر ہاوس میں ہوئی جہاں گورنر اقبال ظفر جھگڑا نے وزیراعلیٰ محمود خان سے حلف لیا۔
تقریب حلف برداری میں پی ٹی آئی کے اراکین صوبائی اسمبلی نے شرکت کی جب کہ صوبے کے اہم افسران سمیت بھی تقریب میں موجود تھے،گورنر خیبرپختونخوا اقبال ظفر جھگڑا نے حلف لینے کے بعد نومنتخب وزیراعلیٰ کو مبارکباد دی۔
دوسری جانب تحریک انصاف کے پارٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ خیبرپختونخوا کابینہ میں وزراءکی شمولیت سے متعلق مشاورت بھی شروع کردی گئی جس کی حتمی منظوری چیئرمین عمران خان دیں گے،پارٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ کابینہ میں زیادہ تر سابق وزراءکو شامل کرنے کا امکان ہے، اشتیاق ارمڑ، شاہ محمد خان، خلیق الرحمان، ضیاء اللہ بنگش اور تیمور سلیم جھگڑا کو وزیر بنائے جانے کا امکان ہے۔

 یہ بھی پڑھیں:  وزیر اعظم کا انتخاب، عمران خان سمیت دیگر اراکین قومی اسمبلی پہنچ گئے
پی ٹی آئی ذرائع کے مطابق عاطف خان اور شہرام ترکئی کو سینئر وزیر بنایا جائے گا،ایوان میں اپنے پہلے خطاب میں نومنتخب وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ صوبے کے حقوق کے لیے جدوجہد کریں گے اور عوام کے بھروسے کو ٹھیس نہیں پہنچنے دوں گا۔
یاد رہے کہ نومنتخب وزیراعلیٰ محمود خان کا انتخاب کل اسمبلی اجلاس کے دوران عمل میں لایا گیا، انہوں نے 77 ووٹ حاصل کیے جب کہ ان کے مدمقابل متحدہ اپوزیشن کے مشترکہ امیدوار میاں نثار گل نے 33 ووٹ حاصل کیے۔

مزیدخبریں