کچھ لوگوں کے ایجنڈے سے پاکستانی تہذیب خطرے میں ہے: مولانا فضل الرحمان


پشاور (24 نیوز) مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ کچھ لوگوں کے ایجنڈے سے پاکستانی تہذیب خطرے میں ہے، یہودی لابی نے مجھے کہا کہ ان لوگوں کو ہم نے صوبے پر مسلط کیا ہے۔

 پشاور میں رنگ روڈ کے مقام پر جے یو آئی پشاور کے زیر اہتمام تحفظ ناموس رسالت کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ اسرائیلی دارلحکومت بیت المقدس منتقل کرنے کی سوچ رہا ہے لیکن امریکہ اپنا سفارتخانہ منتقل نہیں کر سکے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ 2008 میں ایم ایم اے کو کمزور بنا کر سیکولر قابض ہوئے لیکن پھر بھی اپنے ایجنڈے میں کامیاب نہیں ہوئے۔

انھوں نے سانحہ اے پی ایس کے حوالے سے کہا کہ سانحہ کسی بڑے کرب سے کم نہیں اس سفاک واقعے کی ابھی تک کوئی تفتیش نہ ہو سکی، جو قابل افسوس ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ موجودہ حالات میں دوبارہ اتحاد کی ضرورت ہے، نائن الیون کے واقعے نے اسلام پر حملہ کیا، تو مذہب غیر محفوظ ہوا اور اس کے بعد داڑھی، پگڑی اور مدارس کو دہشتگرد کہا گیا۔