شہباز شریف ن لیگ کے صدر بنیں گے، نواز شریف کا فیصلہ

شہباز شریف ن لیگ کے صدر بنیں گے، نواز شریف کا فیصلہ


لاہور(24نیوز) وزیر اعلی پنجاب شہباز شریف کو مسلم لیگ ن کا صدربنانے کا فیصلہ ہوگیا۔ نواز شریف نے وزیر اعظم عباسی کو فیصلے سے آگاہ کر دیا۔ مسلم لیگ ن کے رہنمائوں کی اکثریت نواز شریف کو ہی اپنا قائد دیکھنے کی ضد پر ڈٹ گئے۔

تفصیلات کے مطابق سپریم کورٹ سے نااہل شخص کو پارٹی صدر بنانے پر فیصلہ آنے کو ہے۔ فیصلہ نواز شریف کے خلاف آنے کی صورت میں شہباز شریف کو پارٹی صدر بنانے کا فیصلہ ہوگیا۔ فیصلہ سابق وزیر اعظم نواز شریف اور شاہد خاقان عباسی کے درمیان ملاقات میں ہوا۔ فیصلے پر شہباز شریف کو بھی اعتماد میں لے لیا گیا۔

لیگی رہنمائوں کی اکثریت نے نواز شریف کو اپنا قائد دیکھنے کیلئے بضد ہیں۔ ان کا کہنا ہے فیصلہ جو بھی آئے نون لیگ کے قائد نواز شریف ہی ہوں گے۔ رہنمائوں کا کہنا ہے کہ ماضی میں بھی شہباز شریف نون لیگ کے صدر اور نواز شریف قائد رہ چکے ہیں۔

ذرائع کے مطابق کلثوم نواز کا نام بھی پارٹی صدارت کیلئے زیر غور لایا گیا تاہم ان کی خرابی صحت کے باعث شہباز شریف کے نام پر اتفاق کیا گیا۔ احتساب عدالت میں بھی نواز شریف کلثوم نواز کی تشویشناک حالت بارے تحریری طور پر بتا چکے ہیں۔