سعودی ولی عہد کی آمد،شہباز شریف کا خیرمقدم

سعودی ولی عہد کی آمد،شہباز شریف کا خیرمقدم


اسلام آباد( 24نیوز )پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے دورہ پاکستان کا خیرمقدم کیا ہے، انہوں نے کہا ہے کہ  ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان اورمعززسعودی مہمانوں کو پاکستان آمد پر تہہ دل سے خوش آمدید کہتے ہیں ۔

میاں شہباز شریف نے کہا ہے کہ سعودی ولی عہد اور ان کے وفد کی پاکستان آمد خوش آئند اور باعث مسرت ہے ،پورا پاکستان اپنے سعودی معزز بھائیوں کی آمد کا پرتپاک خیرمقدم کرتا ہے،خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز السعود پاکستان کے لئے خصوصی توجہ اور محبت کی سعودی روایت کو آگے بڑھا رہے ہیں ،یہ معاشی پیکج بہت فراخدلانہ ہے جو معاشی طور پر پاکستان کی فلاح و بہبود کے لئے بہت مددگار ہے جس کے طویل المدتی فوائد ہوں گے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کے عوام یہ فراخدلی کبھی نہیں بھول سکتے، پاکستان مسلم لیگ ن کے دور میں اس معاشی پیکج پرسعودی عرب کے ساتھ معاملات طے پائے تھے جس کا ثمر الحمد اللہ آج پاکستان کو مل رہا ہے،مکہ اور مدینہ شریف کے مقدس مقامات سعودی عرب کو ہر مسلمان کے لئے خاص بناتے ہیں حجاز مقدس کے حوالے سے ہر مسلمان بالخصوص پاکستانی اپنے دل میں سعودی عرب کا خصوصی احترام اور الفت رکھتا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ سعودی عرب پاکستان کا قابل اعتماد، مشکل گھڑی میں کام آنے والا بڑا بھائی ہے،محمد نوازشریف نے جب پاکستان کی جوہری قوت کا اظہارکیا تو سعودی عرب پاکستان کے ساتھ کھڑا رہا ،پاکستان پر پابندیاں لگائیں گئیں تو سعودی قیادت اور عوام نے پاکستان کی فراخدلانہ سرپرستی اور اعانت کی ۔پاکستان کے عوام مشکل حالات میں سعودی کردار کو کبھی فراموش نہیں کرسکتے،پاکستان کو درپیش ہر چیلنج اور خوشی کے لمحات میں سعودی قیادت اور عوام شریک رہے،ولی عہد شہزادہ محمد نے سعودی عرب کی معاشی سمت تبدیل کردی ،تیل پر انحصار کی معیشت کو جدید اقتصادی وڑن سے تبدیل کرکے انہوں نے اپنی قابلیت کا جوہر منوایا ہے۔شہزادہ محمد بن سلمان نے سعودی عرب میں اصلاحات کا عمل شروع کرکے ایک نئی روایت ڈالی،پاکستان اور سعودی عرب میں معاشی شراکت داری باہمی اور امت مسلمہ کے مفاد میں ہے۔

اظہر تھراج

Senior Content Writer