پاک سعودی تعلقات تاریخی بلندی پر،پہلےمرحلےمیں 20ارب ڈالرکی سرمایہ کاری

پاک سعودی تعلقات تاریخی بلندی پر،پہلےمرحلےمیں 20ارب ڈالرکی سرمایہ کاری


اسلام آباد(24نیوز) وزیراعظم عمران خان سےسعودی ولی عہدکی ون آن ون ملاقات ہوئی ہے۔ پاکستان اورسعودی عرب کے درمیان معاہدوں اورایم او یوز پردستخط  ہوئے۔ وزیراعظم عمران خان اور سعودی ولی عہد نے عشایئے سے خطاب بھی کیا۔

وزیراعظم اورسعودی ولی عہدکی ون آن ون ملاقات ہوئی ، ملاقات میں پاک سعودی تعلقات اورباہمی دلچسپی کےامورپرتبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات کے بعد پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان معاہدوں اور مفاہمت کی یادداشتوں پر دستخط کی تقریب بھی منعقد ہوئی۔ دونوں ممالک کے وفود نے مختلف معاہدوں اور ایم او یوز پر دستخط کیے۔پاکستان اورسعودی عرب کے درمیان اسٹینڈرائزیشن کے شعبے میں تکنیکی تعاون اور نوجوانوں کے امور اور کھیلوں کے شعبے میں تعاون کا معاہدہ کیا گیا۔ دونوں ممالک نے بجلی کی پیداوارکے شعبے اورمعدنی وسائل کے شعبے میں ایم او یوپردستخط کیے۔سعودی کمپنی پاکستان میں توانائی کے شعبے میں4ارب ڈالرتک سرمایہ کاری کرے گی۔ اس کے علاوہ دونوں ممالک کے درمیان ریفائنری پیٹروکیمیکل پلانٹ کے قیام اور متبادل توانائی مصنوعات کی ترقی کیلئے مفاہمتی یادداشت پر دستخط کیے گئے۔

وزیراعظم عمران خان نےسعودی وفدکے اعزازمیں عشائیہ دیا۔ عشائیہ میں سعودی ولی عہدنے وفدسمیت شرکت کی۔ وفاقی کابینہ کے ارکان بھی عشائیہ میں موجودتھے۔ آرمی چیف جنرل قمرجاوید باجوہ نے بھی عشائیہ میں شرکت کی۔ اعلیٰ سول اورعسکری حکام بھی عشائیہ میں موجودتھے۔ کئی ملکوں کے سفیروں نےبھی عشائیہ میں شرکت کی۔

تقریب سے وزیر اعظم عمران خان نے  خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے لیے آج ایک عظیم دن ہے،سعودی عرب ہمیشہ سےپاکستان کا دوست رہاہے اورسی پیک سے دنیا کی بڑی مارکیٹ سے رابطے بڑھے ہیں، سعودی عرب کی پاکستان میں سرمایہ کاری دونوں ممالک کے مفاد میں ہے۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے کہا کہ پاکستان زبردست قیادت کے باعث روشن مستقبل رکھتا ہے، 20 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کے معاہدوں کا پہلا مرحلہ مکمل کیا ہے۔

وزیراعظم عمران خان نےسعودی ولی عہد محمد بن سلمان سےعازمین حج،عمرہ زائرین اورپاکستانی مزدوروں کومزید سہولیات دینے کی درخواست کردی، سعودی جیلوں میں قیدتین ہزارپاکستانیوں کا معاملہ بھی اٹھایا۔سعودی ولی عہدنے وزیراعظم کوتعاون کی یقین دہانی کرادی۔

سٹاف ممبر، یونیورسٹی آف لاہور سے جرنلزم میں گریجوایٹ، صحافی اور لکھاری ہیں۔۔۔۔