نعروں سے تبدیلی نہیں آنی، ہر ایک کو اپنا فرض ادا کرنا ہو گا:طارق فضل

نعروں سے تبدیلی نہیں آنی، ہر ایک کو اپنا فرض ادا کرنا ہو گا:طارق فضل


اسلام آباد(24نیوز) وزیر مملکت برائے کیڈ ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے پمز ہسپتال میں 2 نئے وارڈز کا افتتاح کر دیا،ان کا کہنا تھا کہ صرف نعروں سے تبدیلی نہیں آنی حقیقی تبدیلی کیلئے ہر ایک کو اپنا فرض ادا کرنا ہو گا۔

تفصیلات کے مطابق پمز ہسپتال اسلام آباد میں نئے وارڈز کی افتتاحی تقریب ہوئی۔وزیر مملکت برائے کیڈ ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے نئے پیتھالوجی اورفورینزک میڈیسن ڈیپارٹمنٹ کا افتتاح کیا۔اس موقع پر ان کا کہنا تھا کہ پمز میں مریضوں کا بوجھ بہت بڑھ چکا ہے۔ہسپتال میں 103 وینٹیلیٹرز کام کر رہے ہیں،پمز میں 1 کروڑ35 لاکھ روپے سے نئی ایمرجنسی تعمیر کی گئی۔ہسپتال میں حاضری کو یقینی بنانے کے لئے بائیو میٹرک سسٹم لگایا گیا ہے۔

طارق فضل چوہدری کا مزید کہنا تھا کہ پمز میں سیکیورٹی کے لئےسی سی ٹی وی کیمرے لگائے گئے ہیں۔موسم گرما سے قبل ہسپتال میں سنٹرل اے سی سسٹم لگایا جائے گا۔پمز میں میڈیکل ویسٹ کو تلف کرنے کے لئے نیا سسٹم لگایا جائے گا۔آئندہ سینٹ اجلاس میں شہید ذوالفقار علی بھٹو میڈیکل یونیورسٹی کی پمز ہسپتال سے علیحدگی کا بل پاس ہو جائے گا۔ہسپتال کی یونیورسٹی سے علیحدگی کے بعد ہسپتال میں افرادی قوت کی بھرتی کا عمل شروع کیا جائے گا۔