بیجنگ: ایک روزمیں خفیہ کرنسیوں کی قیمت 27 فیصد تک گر گئی

بیجنگ: ایک روزمیں خفیہ کرنسیوں کی قیمت 27 فیصد تک گر گئی


بیجنگ(24نیوز) چین اور جنوبی کوریا کی طرف سے ڈیجیٹل خفیہ کرنسی کی ٹریڈنگ محدود کرنے کے اعلانات، ایک روز میں ہی خفیہ کرنسیوں کی قیمت 27 فیصد تک گر گئی۔

تفصیلات کے مطابق مارکیٹ میں سب سے زیادہ استعمال ہونے والی خفیہ کرنسی بٹ کوائن کے ایک یونٹ کی قیمت ٹریڈنگ کے دوران 10 ہزار کی سطح سے بھی نیچے آ گئی۔ گزشتہ ماہ بٹ کوائن کی قیمت 20 ہزار ڈالر سے بڑھ گئی تھی۔ دوسری بڑی خفیہ کرنسی بٹ کوائن کیش کی قیمت میں 24 فیصد ،تیسری بڑی خفیہ کرنسی اتھوریوم اور لٹ کوائن کی قیمت میں 19 فیصد کی کمی دیکھی گئی۔ 4 ہفتوں کے دوران خفیہ کرنسیوں کی قیمت میں 30 سے 50 فیصد تک کی کمی ہو چکی ہے۔

ذرائع کے مطابق چینی حکام ڈیجیٹل ورچوئل خفیہ کرنسی کی سینٹرئلائز ٹریڈنگ پر پابندی لگانے پر غور کر رہی ہے۔ جنوبی کوریا نے بھی گزشتہ ہفتے خفیہ کرنسی ایکسچینج پر پابندی کے بارے میں قانون سازی کا اعلان کیا تھا۔ متعدد دوسرے ممالک کے مرکزی بینکوں کی طرف سے خفیہ کرنسی کی ٹریڈنگ پر تحفظات کا اظہار کیا جا رہا ہے جبکہ کچھ ماہرین کا خیال ہے کہ ڈیجٹل خفیہ کرنسی منی لانڈرنگ اور بلیک مارکیٹ مین خریداری کے لیے استعمال ہو رہی ہے۔