پاکستان کسی صورت قومی مفادات پر سمجھوتہ نہیں کرے گا:خواجہ آصف


اسلام آباد(24نیوز) وزیر خارجہ خواجہ آصف کا کہنا ہے کہ پاکستان کسی صورت قومی مفادات پر سمجھوتہ نہیں کرے گا، امریکا کے ساتھ تعلقات میں توازن چاہتے ہیں، چین نے سی پیک کو افغانستان تک توسیع کرنے کی خواہش کا اظہار کیاہے۔

تفصیلات کے مطابق سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے امور خارجہ کا اجلاس چیئرپرسن سینیٹر نزہت صادق کی زیر صدارت ہوا۔ سعودی عرب میں لاپتہ افراد کے حوالے سے سینیٹر فرحت اللہ بابر کی استدعا پر سیکرٹری خارجہ نے معاملے کے جلد حل کی یقین دہانی کرائی۔تہمینہ جنجوعہ نے بتایا کہ 1 فروری کو وزیر مذہبی امور سعودی عرب کا دورہ کر کے معاملے کو اٹھائیں گے۔تلور کے شکار کے حوالے سے معاملے کو کمیٹی کے اگلے اجلاس تک موخر کر دیا گیا۔

کمیٹی کو بریفنگ کے دوران وزیرخارجہ خواجہ آصف نےمزید بتایا کہ امریکا سے تعلقات ابھی اچھے نہیں۔ امریکا کے ساتھ تعلقات میں توازن چاہتے ہیں۔ ہم نے امریکی سیاسی و فوجی قیادت کو بتا دیا کہ ہمیں کوئی امداد نہیں چاہیے۔ پاکستان کسی صورت قومی مفادات پر سمجھوتہ نہیں کرے گا۔ امریکا اپنی ناکامی کا الزام پاکستان کو نہ دے۔ دہشت گردی سے متعلق فتوے کے حوالے سے وزیر خارجہ نے کہا کہ ریاست جہاد یا جہادی تنظیموں کو قومی دھارے میں نہیں لا رہی۔ خود کش حملہ یہاں ہو یا چاند پر، حرام ہے تو حرام ہے۔ جو بھی جہادی تنظیم پاکستان سے کہیں بھی کام کرے فتویٰ کے تحت غلط ہے۔ فتویٰ جامع طور پر ریاست کی ذمہ داری کوبتاتا ہے۔