ایس ایس پی ملیر راؤ انوار پر خودکش حملے کا مقدمہ درج


کراچی (24نیوز) ایس ایس پی ملیر راؤ انوار پر خودکش حملے کا مقدمہ درج ،مقدمے میں قاتلانہ حملے، پولیس مقابلے، دہشت گردی اورایکسپلوسو ایکٹ کی دفعات شامل کی گئی ہیں۔

تفصیلات کےمطابق حملے کا مقدمہ ملیر کینٹ تھانے میں الزام نمبر 8 بٹا 2018 سرکار کی مدعیت میں نامعلوم دہشت گردوں کے خلاف درج کیا گیا ہے۔ مقدمے میں قاتلانہ حملے، پولیس مقابلے، ایکسپلوسو ایکٹ، دہشت گردی اور املاک کو نقصان پہنچانے کی دفعات شامل کی گئی ہیں۔ گذشتہ روز ایس ایس پی ملیر راؤ انوار کے قافلے کو ملیر کینٹ کے قریب نشانہ بنایا گیا۔ ایک دہشت گرد نے راؤ انوار کی گاڑی سے آگے چلنے والی گاڑی پر خودکش حملہ کیا اور دیگر ساتھیوں نے فائرنگ کردی۔

پولیس کی جوابی فائرنگ میں 2 دہشت گرد ہلاک ہوگئے اور دیگر تاریکی کا فائدہ اٹھاتے ہوئے فرار ہوگئے جبکہ ایس ایس پی ملیر راؤ انوار حملے میں محفوظ رہے۔ ایس ایس پی ملیر راؤ انوار کے قافلے پر 2 مئی 2015 کو بھی ملیر کینٹ کے قریب دستی بموں سے حملہ کیا گیا تھا جس میں وہ محفوظ رہے تھے۔