عمران خان ابھی تک کنٹینر پر ہی ہیں: خورشید شاہ



اسلام آباد(24نیوز) خورشیدشاہ نے کہا کہ ہم توقانون اورآئین کی بات کرتے ہیں،  آج کے لیڈرآف دی ہاؤس پارلیمنٹ کوجعلی کہتے تھے،آپ کو کس نے قانون سازی سے روکا ہے،عمران خان ابھی تک کنٹینر پر ہی ہیں نیچے اتریں تو حقیقت کا پتہ چلے.

تفصیلات کے مطابق پیپلز پارٹی کے سینئررہنما سید خورشیدشاہ نے قومی اسمبلی اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ آج کے لیڈرآف دی ہاؤس پارلیمنٹ کوجعلی کہتے تھے،آپ کو کس نے قانون سازی سے روکا ہے،ای سی ایل کی بڑی فکر ہے،قانون سازی کی نہیں،آپ نے کہا تھاقرضے لینے کے بجائے خودکشی کرلوں گا،آپ نے تو نہیں کی مگر عوام کر رہے ہیں، پارلیمنٹ کے مسائل سڑکوں پرحل نہیں ہوتے۔

سید خورشیدشاہ نے پارلیمنٹ میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ ہمیشہ کہاجاتا ہے پارلیمنٹ سپریم ہے،اگر ایسا ہے تو معاملات ادھرحل کیوں نہیں کرتے؟انہوں نے کہا کہ ہمیں اپنی داڑھی لوگوں کے ہاتھوں میں نہیں دینی چاہیے، قومی حکومت کے قیام کی ضروت نہیں نہ حامی ہیں،یہ حکومت اپنے وزن سےخود ہی گر جائے گی،چاہتے ہیں 5 سال پورے کرے لیکن ایسا دکھائی نہیں دیتا،قانون ساز  بیرون ملک نہیں یہاں قانون سازی کے لیے موجود ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ کیا عمران خان کا نام کسی ایسی ای سی ایل میں شامل ہے کہ وہ پارلیمنٹ نہیں آتے؟حکومت بتائے 5 ماہ میں کونسی قانون سازی کی ہے،عمران خان ابھی تک کنٹینر پر ہی ہیں نیچے اتریں تو حقیقت کا پتہ چلے، یہ حکومت معیشت سمیت ہر شعبے میں بری طرح ناکام ہوئی ہے،اپوزیشن اتحاد باہمی اعتماد پر قائم رہ سکتا ہے، ہم نے مل کر چلنے کا تہیہ کیا ہے۔

منی بجٹ کی کسی صورت حمایت نہیں کریں گے،حکومت نے پہلے 5 ماہ میں ہی ملک کو 7 ارب ڈالر کا مقروض کر دیا ہے،ان کا کہنا تھا کہ وزیر اطلاعات کو سندھ کے دورے سے کچھ نہیں ملا،سندھ حکومت میں کسی قسم کی کوئی تبدیلی نہیں آئے گی، وفاق نے غیر آئینی اقدام کیا تو بھر پور مزاحمت ہو گی۔