لرزہ خیز واقعہ، ایک ہی خاندان کے 7 افراد لقمہ اجل بن گئے

لرزہ خیز واقعہ، ایک ہی خاندان کے 7 افراد لقمہ اجل بن گئے


شیخوپورہ ( 24نیوزکوٹ عبدالمالک میں بارش کے باعث مکان کی چھت گرنے سے ایک ہی خاندان کے 7افراد جاں بحق ہوگئے، جاں بحق ہونے والوں میں ماں، باپ اور ان کے 5بچے شامل ہیں۔

تفصیلات کے مطابق  باران رحمت شیخوپورہ کے خاندان کے لئے موت کا پیغام بن کر آئی، فیکٹری ایریا کے علاقہ فضل پورہ میں گزشتہ روز لگاتار پڑنے والی بارش سے دو منزلہ گھر کی چھت گر گئی، رات ایک بجے نیند کے مزے لیتا خاندان ہمیشہ کی نیند سو گیا، جاں بحق ہونے والوں میں 40سالہ کامران اس کی 35سالہ اہلیہ کوثر، 13سالہ بسمہ، 10سالہ الشبہ،  16 سالہ مقدس، 5سالہ بیت اللہ اور 7سالہ عبداللہ شامل ہیں۔

کامران کے والد پرویز کے آنسو تھمنے کا نام ہی نہیں لیتے، ان کا کہناتھا کہ سارا خاندان ختم ہوگیا، ہمارے گھر تو قیامت آئی تھی،مرحوم کامران کے بھائی عثمان  نے بتایا کہ کوئی حکومتی محکمہ مدد کو نہ پہنچا،سب محلہ دار ہی تمام رات ملبہ اور لاشیں اٹھاتے رہے،بعدازاں ریسکیو 1122 نے جاں بحق افراد کی لاشیں ہسپتال منتقل کیں۔

ذرائع کے مطابق جاں بحق  افراد کی نمازے جنازہ ادا کر دی گئی،نمازے جنازہ میں صوبائی وزیر میاں خالد محمود ڈپٹی کمشنر اور ڈی پی او بھی شریک ہوئے،والدین اور پانچ بچوں کی اموات پر علاقے میں سوگ کا سماں ہے۔