بارش سے موسم سہانا، مزید بارش کی پیشگوئی

بارش سے موسم سہانا، مزید بارش کی پیشگوئی


اسلام آباد(24 نیوز) ملک کےمختلف علاقوں میں بادل کھل کر برسے، لاہور میں بھی باران رحمت سے موسم سہانا ہوگیا،گرمی کی شدت میں کمی سے شہریوں کے چہرے کھلکھلا اُٹھائے،محکمہ موسمیات نے مزید بادل برسنے کی پیشگوئی کردی۔

ملک کے مختلف علاقوں میں بادلوں نے ڈیرے ڈال لیے،  پنجاب کے کئی شہروں میں تیز ہوا کے ساتھ ہونے والی بارش سے موسم سہانا ہوگیا۔ لاہور کو بھی کالے بادلوں نے اپنی لپیٹ میں لیا،وقفے وقفے سے ہونے والی بارش سے گرمی کی شدت میں کمی آئی جس سے شہریوں کے چہرے خوشی سے کھل اٹھے۔ پنجاب کے دیگر شہروں بھی باران رحمت ہوئی ،سرگودھا، سیالکوٹ، گوجرانوالہ،فیصل آباد،چنیوٹ،جھنگ، شکرگڑھ، نارووال، ظفر وال، پسرور، وزیر آباد، منڈی بہاؤالدین سمیت دیگر حصوں میں بارش سے موسم خوشگوار ہوگیا۔

محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ چوبیس گھنٹے کے دوران لاہور، راولپنڈی، گوجرانوالہ، سرگودھا، فیصل آباد، ملتان، ساہیوال،  بہاولپور سمیت پشاور، ہزارہ، کوہاٹ، قلات، میرپور خاص، اسلام آباد اور کشمیر میں تیز ہواوٗں کیساتھ بارش کا امکان ہے۔