نارووال:ڈسٹرکٹ ہسپتال کے لیبر روم سے بچہ اغوا


نارووال ( 24نیوز ) نارووال کے ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹرہسپتال کے لیبر روم سے خاتون نے بچہ اغواءکرلیا، بچے کے والد اور دادی صدمے سے نڈھال ہیں،شکیلہ بی بی کا شادی کے آٹھ سال بعد پہلا بچہ پیدا ہوا تھا۔
تفصیلات کے مطابق نارووال کے نواحی گاوں داتا گورائیہ کے محمد فیاض کو شادی کے آٹھ سال بعد اللہ تعالی نے بیٹے کی نعمت سے نوازا،فیاض اور اسکا خاندان خوشیاں منارہاتھا،مٹھائیاں بانٹی گئیں،لوگوں نے بھی مبارکباد دی لیکن فیاض پر اچانک قیامت ٹوٹ پڑی، نارووال کے ڈسٹرکٹ ہسپتال سے سحری کے وقت بجلی بند ہوتے ہی نامعلوم خاتون نے بچے کو اغواکرلیا،سی سی ٹی وی فوٹیج میں بھی دیکھاجا سکتاہے کہ خاتون بچے کو اغواکرکے لیجا رہی ہے۔
عینی شاہدین کاکہنا ہے کہ خاتون کبھی لیبر روم میں جاتی اور کبھی باہر آتی تھی، خاتون کے پاس فیڈر بھی موجود تھا،بچے کے والد فیاض اور دادی پر صدمے سے غشی کے دورے پڑتے رہے، بچے کے والد نے ہاتھ جوڑ کر دھائی دی کہ اس کے بچہ کو باز یاب کروایا جائے۔
ایم ایس ڈاکٹر محمد یونس نے بتایا کہ سحری کے وقت نامعلوم خاتوں بچے کو اس کی دادی سے لیکر گئی، انتظامیہ پولیس کی مدد سے خاتون کو تلاش کر رہی ہے۔

اظہر تھراج

صحافی اور کالم نگار ہیں،مختلف اخبارات ،ٹی وی چینلز میں کام کا وسیع تجربہ رکھتے ہیں