فاٹا اصلاحات پر فوری عملدرآمد کی منظوری


اسلام آباد( 24نیوز ) وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کے اجلاس کے دوران فاٹا اصلاحات پر فوری عملدرآمد کی منظوری دے دی گئی، کابینہ اجلاس کے دوران ملکی سلامتی اور معاشی صورت حال سمیت 27 نکاتی ترمیمی ایجنڈا پیش کیا گیا، جس میں فاٹا اصلاحات کا ایجنڈا سہرفہرست تھا۔
ذرائع کے مطابق اجلاس کے دوران وفاقی کابینہ نے پاکستان سافٹ ویئر ایکسپورٹ بورڈ کے نئے ایم ڈی کی تقرری کی منظوری دینے کے ساتھ ساتھ ایچ بی ایف سی کے ایم ڈی کے تقرر کے لیے قواعد وضوابط کی منظوری بھی دی۔
اجلاس کے دوران وفاقی کابینہ کی جانب سے اسلحہ کی کمرشل امپورٹ کی پالیسی میں ترمیم کی منظوری بھی دی گئی،وفاقی کابینہ کے اجلاس میں نیشنل ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کو وزیراعظم آفس کے ماتحت کرنے اور اسلام آباد میں میڈیکل سٹی بنانے کا بھی فیصلہ کیا گیا۔
ذرائع کے مطابق اجلاس کے دوران وفاقی کابینہ نے کیپٹل ڈیولپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) کے ماسٹر پلان میں ترمیم کی منظوری بھی دی۔

یہ بھی پڑھیں:نواز شریف غداری کے مقدمہ سے بچ گئے،ہائیکورٹ نے حکم دیدیا

یاد رہے قاتلانہ حملے میں زخمی ہونے والے وفاقی وزیر داخلہ احسن اقبال بھی صحت یابی کے بعد وفاقی کابینہ کے اجلاس میں شریک ہوئے،ارکان کابینہ نے گرمجوشی سے احسن اقبال کا استقبال کیا اور صحت یابی پر انہیں مبارکباد دی،احسن اقبال نے کابینہ ارکان کی جانب سے دعاو¿ں اور نیک خواہشات کے اظہار پر شکریہ ادا کیا۔
خیال رہے حکومت کے اتحاد ی مولانا فضل الرحمنٰ اور محمود خان اچکزئی شروع دن سے فاٹا کے خیبر پختونخوا میں انضمام اور قبائلی علاقوں میں اصلاحات کی مخالفت کرتے آئے ہیں۔

اظہر تھراج

صحافی اور کالم نگار ہیں،مختلف اخبارات ،ٹی وی چینلز میں کام کا وسیع تجربہ رکھتے ہیں