کوئٹہ:ایف سی مددگار سینٹر پر حملہ ناکام، 5 دہشتگرد ہلاک


کوئٹہ (24 نیوز) صوبائی دارالحکومت میں دہشت گردوں کی کارروائی ناکام بنا دی گئی۔ ایف سی مددگار سینٹر پر دہشت گردوں نے حملہ کردیا۔ خود کش دھماکوں کے بعد فائرنگ سے کئی افراد زخمی ہوگئے جبکہ فورسز کی کامیاب جوابی کارروائی میں 5دہشت گرد ہلاک ہوگئے۔

24 نیوز کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق کوئٹہ میں دہشتگردی کی بڑی کارروائی ناکام بنا دی گئی۔ ایئرپورٹ روڈ پر کوئلہ پھاٹک کے قریب ایف سی مددگار سینٹر پر دہشت گردوں نے حملہ کر دیا۔ ایف سی کی بروقت کارروائی میں 5 دہشت گرد مارے گئے۔ جبکہ 4ایف سی جوان معمولی زخمی ہوئے۔

یہ بھی پڑھیں: کالعدم لشکر جھنگوی کا سربراہ ہلاک، سکیورٹی فورسز کے 2 جوان شہید 

ایف سی مددگارسینٹر میں یکے بعد دیگرے 3 زور دار دھماکوں کی آوازیں سنی گئیں، جس کے بعد فائرنگ کاسلسلہ شروع ہو گیا۔ وزارت داخلہ کے مطابق 2 خودکش بمباروں نے خود کو دھماکوں سے اڑا لیا جس میں کئی افراد زخمی ہوئے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق سکیورٹی فورسز نے علاقہ کلئیر کرا لیا ہے، صورتحال کنٹرول میں ہے۔

دھماکوں سے قریبی گھروں کے شیشے ٹوٹ گئے اور لوگ اپنے گھروں میں محصور ہو گئے تھے۔ حملہ کے بعد سکیورٹی فورسز کی بھاری نفری نے علاقہ کو گھیرے میں لے لیا۔ جبکہ ریسکیو ٹیمیں بھی جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں۔