وزیر ستان کے 9سالہ بچے نے عالمی ریکارڈ قائم کردیا

وزیر ستان کے 9سالہ بچے نے عالمی ریکارڈ قائم کردیا


وانا(24نیوز)عمر میں کم، لیکن صلاحیت میں بےمثال، وزیر ستان کے 9سالہ رضوان محسود نے کم وقت میں ہیلی کاپٹر کی طرح گھوم کر عالمی ریکارڈ قائم کردیا۔

صوبہ خیبر پختونخوا کے قبائلی ضلع جنوبی وزیرستان سے تعلق رکھنے والے، چوتھی جماعت کے نو سالہ طالب علم رضوان محسود نے حال ہی میں یہ کارنامہ سرانجام دیا ہے۔ مارشل آرٹ کے شعبے میں عالمی ریکارڈ بنا کر پاکستان کا نام روشن کیا اور ان کا نام اب گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈز میں شامل کرلیا گیا ہے۔رضوان محسود نے 30 سکینڈ میں 46 مرتبہ ہیلی کاپٹر کی طرح گھوم کر یہ ریکارڈ بنایا۔انھوں نے مارشل آرٹ کی ایک کیٹگری 'ہیلی کاپٹر سپن' میں پربارکر ایڈی نامی انڈین کھلاڑی کا ریکارڈ توڑ کر یہ اعزاز اپنے نام کیا ہے۔

'ہیلی کاپٹر سپن' ایک ایسا طریقہ ہے جس میں کھلاڑی زمین پر بیٹھ کر ایک پاؤں سے گھومتا ہے اور جو کھلاڑی جتنی پھرتی سے یہ مظاہرہ کرتا ہے اس کے کامیابی کے امکانات زیادہ ہوتے ہیں۔

رضوان محسود کا کہنا ہے کہ انھیں بچپن سے جمناسٹکس اور فائٹنگ کا شوق تھا۔ ڈیرہ اسماعیل خان میں انھیں گھر کے قریب مارشل آرٹس کا ایک کلب ملا جہاں داخلہ لے کر انھوں نے تربیت شروع کی۔

رضوان محسود پہلے ڈیرہ اسماعیل خان کے ایک نجی تعلیمی ادارے میں زیر تعلیم تھے لیکن عالمی ریکارڈ بنانے کے بعد کورکمانڈر پشاور کی طرف سے انھیں آرمی پبلک سکول میں داخل کرادیا گیا جہاں ان کی تعلیم فری ہے۔

اظہر تھراج

Senior Content Writer