نواز شریف نے اسحاق ڈار کو وطن واپس آنے سے روک دیا


(24 نیوز): وزیر خزانہ اسحاق ڈار وطن واپس کیوں نہیں آ رہے؟ اسحاق ڈار کو کس نے روکا؟ ٹوئنٹی فور نیوز نے پتہ چلا لیا، ذرائع کا دعوی ہے کہ  اسحاق ڈار کو سابق وزیراعظم نواز شریف نے وطن واپس نہ آنے کا مشورہ دیا۔

 

واضح رہے کہ نیب عدالت سے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری ہونے کے باوجود پیش نہ ہونے پر  وزیرخزانہ اسحاق ڈار اب مفرور قرار دیئے جا چکے ہیں، لیکن وہ وطن واپس نہیں آ رہے اور شاید نہ ہی آئیں گے کیونکہ ذرائع کا دعویٰ ہے کہ اسحاق ڈار کو واپسی سے نواز شریف نے روکا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیر خزانہ اسحق ڈار کا استعفی بھی وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی کے پاس پہنچ چکا ہے۔ شاہد خاقان عباسی استعفی کی منظوری کے حوالے سے نواز شریف کے اشارے کے منتظر ہیں۔ ذرائع کے مطابق نواز شریف کو اسحاق ڈار کے وعدہ معاف گواہ بننے کا خدشہ ہے۔

ذرائع نے بتایا کہ اسحاق ڈار کو وطن واپس نہ آنے دینے کا فیصلہ شریف خاندان کا مشترکہ ہے، اسحاق ڈار پہلے بھی حدیبیہ پیپرز مل کیس میں وعدہ معاف گواہ بن چکے ہیں۔