ملک بھر میں بارشوں سے دھند میں کمی ، پہاڑی علاقے برف سے چمک اٹھے


لاہور ، کراچی ہنزہ (24 نیوز) ملک میں دھند کم لیکن سردی بڑھ گئی ، شمالی علاقوں میں برفباری سے پہاڑچمک اٹھے ، کوئٹہ کی سرد ہواؤں نے کراچی والوں کو بھی سردی کا تحفہ دیدیا ، لاہور سمیت مختلف علاقوں میں بارش کا امکان ہے۔

تفصیلات کے مطابق ملک کے مختلف علاقوں میں شدید دھند کے بادل تو چھٹ چکے ہیں لیکن سردی نے ڈیرے ڈال لئے ہیں ، ہنزہ اور نگر کے پہاڑ بھی برفباری سے چمک اٹھے ہیں۔

بارش اور برفباری سے لوگ گھروں میں قید ہو کر رہ گئے ہیں ، کوئٹہ اور زیارت میں بھی سردی کی شدت بڑھ گئی ہے جس سے سرد ہواؤں نے کراچی کا رخ کر لیا۔کراچی میں موسم بھی ٹھنڈا ہوگیا ، درجہ حرارت 18 سے 19ڈگری سینٹی گریڈ پرآ چکا ہے ، کراچی والوں نے گرم کپڑے نکال لیے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق لاہور ،گوجرانوالہ، راولپنڈی ڈویژن، اسلام آباد ، بالائی فاٹا ، کشمیر، مالاکنڈ ، ہزارہ ، پشاور اور گلگت بلتستان میں مزید بارش اور برفباری کا امکان ہے۔

اسلام آباد، خیبرپختونخوا میں آج بھی بادل برسنے کی پیش گوئی ہے۔