پاکستان اور یو اے ای کا تجارتی، دفاعی اور اقتصادی تعلقات کو مضبوط بنانے پر اتفاق

پاکستان اور یو اے ای کا تجارتی، دفاعی اور اقتصادی تعلقات کو مضبوط بنانے پر اتفاق


اسلام آباد( 24نیوز ) وزیراعظم عمران خان ایک روزہ سرکاری دورے پر متحدہ عرب امارات گئے ہیں،جس میں انھوں نے ولی عہد شیخ محمد بن زید سے ملاقات کرلی ہے ۔

تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان ولی عہد ابوظہبی شیخ محمد بن زید بن سلطان النیہیان کی دعوت پر متحدہ عرب امارات   کے لئے ایک روزہ دورہ پر گئے۔ پاکستان اورمتحدہ عرب امارات نے اسٹریٹجک ، اقتصادی شراکت داری اور سرمایہ کاری سمیت مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا . وزیراعظم عمران خان اور ولی عہد محمد بن زاید النہیان کی ملاقات کا اعلامیہ جاری کردیا گیا ۔

وزیراعظم عمران خان کے دورہ یو اے ای کے اعلامیہ کے مطابق دونوں ملکوں کا سرمایہ کاری۔اقتصادی شراکت داری تجارت اور تعاون میں فروغ دینے پر بھی اتفاق کیا گیا۔ وزیرا عظم عمران خان اور ولی عہد محمد بن زاید النہیان نے مشترکہ فوجی مشقوں اور دفاعی پیداوار میں تعاون کا عزم کیا ۔  مشترکہ وزارتی کمیشن کا اجلاس فروری 2019میں ہوگا، دونوں رہنماؤں نے زیرغور معاہدوں کوجلد حتمی شکل دینے کیلئے مشاورت پر بھی اتفاق کیا.

اعلامیے کے مطابق دونوں رہنماؤں نے دہشتگردی کےخاتمےکیلے مل کر کام کرنے کے عزم اعادہ کیا ۔ وزیراعظم عمران خان نے یو اے ای کے بانی کو شاندار الفاظ میں خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ شیخ زیدبن سلطان النہیان پاکستان کےسچےدوست تھے.

وزیراعظم نے شیخ زید جامع مسجد کا بھی دورہ کیا اور فن تعمیر کی تعریف کی۔ انہوں نے یاد گار شہداء پر پھولوں کی چادر چڑھائی۔ وزیراعظم نے دبئی کے زبیل محل میں ہم منصب شیخ محمد بن راشد المکتوم سے بھی ملاقات کی، ملاقات میں دو طرفہ امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

اس سے پہلےوزیر اعظم عمران خان وفد کے ہمراہ ایک روزہ دورے پر متحدہ عرب امارات پہنچے تو ولی عہد شہزادہ شیخ زید بن سلطان النہیان نےان کا استقبال کیا، صدارتی محل میں وزیراعظم کوگارڈ آف آنر پیش کیا گیا۔